• news

حکومت بلوچستان میں مداخلت پر چپ ہے، طالبان سے مذاکرات کا جواز نہیں: عاصمہ جہانگیر

لاہور (نوائے وقت نیوز+ آن لائن) ہیومن رائٹس کمشن پنجاب نے بلوچستان سے متعلق فیکٹ فائنڈنگ مشن رپورٹ جاری کر دی۔ رپورٹ میں عاصمہ جہانگیر نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات وہاں کی عوام کی مدد سے بہتر کئے جا سکتے ہیں، متاثرہ علاقوں میں عالمی ایجنسیاں سکیورٹی حالات کے باعث مدد نہیں کر پا رہیں۔ بلوچستان کا ہر شخص صوبے میں امن چاہتا ہے۔ بلوچستان کے لوگوں کو برابری کی سطح پر اور مکمل حقوق دئیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا طالبان سے مذاکرات کا جواز نہیں، اس راستے پر حکومت کے ساتھ ہیں جو امن کی طرف جائے۔آن لائن کے مطابق نجی ٹی وی کو انٹرویو میں عاصمہ جہانگیر نے کہاکہ بلوچستان میں کالعدم تنظیمیں مسلح انتہا پسند گروہ آج بھی سرگرم ہیں۔ انسانی حقوق کمشن کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں اب بھی لوگوں کی مسخ شدہ لاشیں مل رہی ہیں۔ حالات انتہائی خراب ہیں۔ بلوچستان میں نئی حکومت کا قیام عوام کیلئے امید کی کرن ہے۔ امید ہے نئی حکومت بلوچستان کے حالات کو کنٹرول کرے گی اور سرگرم کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گی۔ بلوچستان میں بیرونی مداخلت کے ثبوت بھی حکومت کے پاس ہیں لیکن حکومتی ارکان خاموش دکھائی دیتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن