• news

متعدد وارداتیں، ڈاکوئوں نے 5 گھروں سے 45 لاکھ کا مال لوٹ لیا

لاہور + شیخوپورہ (نامہ نگار + نامہ نگار خصوصی) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں  وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں  روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا، ڈاکو 5 گھروں سے 45 لاکھ کا مال لوٹ کر لے گئے جبکہ چوروں نے ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کے قربانی کے لئے خریدے گئے دو بکرے چوری کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوئوں نے کوٹ لکھپت میں زمان خان کے گھر گھس کر اہلخانہ کو اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر 12لاکھ، نشتر کالونی میںعمر کے گھر سے10لاکھ، قلعہ گجر سنگھ میں سلطان کے گھر سے9 لاکھ، مناواں میں عامر کے گھر سے8 لاکھ، ہربنس پورہ میںنوید کے گھر سے6لاکھکی نقدی، طلائی زیورات،موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوئوں نے گرین ٹائون میں افضل اور اس کی فیملی سے5 لاکھ، ریس کورس میں یاسین اور اس کی فیملی سے اڑھائی لاکھکی نقدی، طلائی زیورات اورموبائل فون لوٹ لئے۔ ڈاکوئوں نے گلشن راوی میں اجمل سے 90ہزار روپے  اور موبائل فون، باغبانپورہ میں شکور سے50ہزارروپے اور موبائل فون،گڑھی شاہو میں عدنان سے40ہزارروپے  اور موبائل فون،بادامی باغ میں ساجد سے20ہزارروپے  اور موبائل فون، وحدت کالونی میں ثنااللہ سے 20ہزارروپے اورموبائل فون لوٹ لیا۔چوروں نے کاہنہ کے علاقہ ویلنشیاء ٹائون میں رہائش پذیر ٹیسٹ کرکٹر عمران نذیر کے گھر کے باہر بندھے قربانی کے لئے خریدے ایک لاکھ روپے مالیت کے دوبکرے چوری کر لئے۔ چوروں نے گوالمنڈی سے نعمان ،گرین ٹاؤن سے  مشتاق، ڈیفنس سے شاہنواز کی کاریں جبکہ لیاقت آباد سے آفتاب، فیصل ٹائون سے نوید، لوہاری سے زاہد، ٹائون شپ سے قیصر کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ ادھر  جنڈیالہ  روڈ چونگی  گھاٹ ریلوے  کراسنگ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ  میں قتل ڈکیتی، راہزنی  اور خواتین  کے اغوا کے درجنوں  مقدمات  میں مطلوب  دائو کی ملیاں کا رہائشی  ریاض  مسیح  عرف  ٹینڈو مارا گیا جبکہ  اس کے ساتھی فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق  ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کسی واردات  کے سلسلہ میں موجود تھا مخبری  کی بنا پر چھاپہ  مارا گیا  تو  ملزمان  نے پولیس پر فائرنگ  کردی پولیس نے بھی  جوابی فائرنگ  کی اور ریاض مسیح  عرف ٹینڈو ہلاک ہو گیا  جبکہ پولیس کے مطابق ملزم  ریاض اپنے ہی ساتھیوں  کی فائرنگ سے  ہلاک ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن