طالبان سے مذاکرات کے لیے فریم ورک تیار ہے: پروفیسر ساجد میر
طالبان سے مذاکرات کے لیے فریم ورک تیار ہے: پروفیسر ساجد میر
لاہور(خصوصی نامہ نگار) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کے لیے فریم ورک تیار ہے۔طالبان رہنماﺅں کی اکثریت حکومت اور فوج سے بے جا محاذآرائی کی مخالف ہے۔ مذاکرات کے مخالفین ایک بار پھرملک کو جنگ کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں۔خودکش حملے اور بم دھماکے ملک دشمن عناصر کرا رہے ہیں۔مرکزی دفتر میںکابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مذاکرات میں رکاوٹ صرف وہ لوگ ہیں جو پاکستان کے مخالفین ہیں۔کچھ قوتیں طالبان سے مذاکرات کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن اور خیر تلاش کرنا کون سا جرم یا گناہ ہے، جس کی مخالفت کی جا رہی ہے۔ مذاکرات مخالف عناصر کا اپنا ایجنڈا ہے وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان میں قیام امن سے عالم اسلام کی ایک بڑی ایٹمی طاقت اپنے قدموں پر مضبوطی سے کھڑے ہو جائیگی۔ ماضی میں جب بھی طالبان سے مذاکرات کے لئے کوششیں شروع ہوئیں، انہیں کبھی قبائلی علاقوں میں ڈرون حملے کر کے ناکام بنا دیا گیا اور کبھی مزید دہشت گرد کارروائیاں کر کے غلط فہمیاں پیدا کر دی گئیں۔
ساجد میر