• news

کرپشن ریفرنس: احتساب عدالت نے زرداری کو 29 اکتوبر کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کر دئیے

اسلام آباد (نامہ نگار + نوائے وقت نیوز) احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کو کرپشن ریفرنسز میں 29 اکتوبر کیلئے دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ نوٹسز کے باوجود آصف زرداری اور نیب کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا۔ عدالت نے آصف زرداری کے خلاف نیب ریفرنسز میں نیب پراسیکیوٹر سے رائے طلب کی تھی، نیب پراسیکیوٹر کے پیش نہ ہونے پر احتساب عدالت نے سماعت کچھ دیر کیلئے موخر کی اور وقفے کے بعد نیب کے ایڈیشنل ڈپٹی پراسیکیوٹر چودھری ریاض احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت میں بیان دیا کہ سابق صدر آصف زرداری بیرون ملک ہیں، جس کی وجہ سے سابق صدر کو جاری کئے گئے سمن کی تعمیل نہیں ہوسکی۔ چودھری ریاض نے استدعا کی کہ سابق صدر کو دوبارہ نوٹس جاری کئے جائیں۔ جس پر احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری کو 29 اکتوبر کے لئے دوبارہ نوٹس جاری کر دیئے۔ عدالت نے حکم دیا کہ سابق صدر 29 اکتوبر کو احتساب عدالت میں پیش ہوں اور نیب ریفرنسز کے حوالے سے اپنا موقف پیش کریں۔ عدالت کا کہنا تھا سابق صدر کا خود عدالت میں پیش ہونا ضروری نہیں وہ اپنے وکیل کے ذریعے پیش ہوسکتے ہیں تاہم وہ 29 اکتوبر تک اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ عدالت نے سابق صد ر کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت 29اکتوبر تک ملتوی کردی۔ واضح رہے احتساب عدالت نے گزشتہ ہفتے آصف زرداری کیخلاف مبینہ کرپشن کے 5 ریفرنسز دوبارہ کھول دیئے تھے جن میں ایس جی ایس کوٹیکنا، ارسس ٹریکٹر اور پولو گراﺅنڈ سمیت دیگر ریفرنسز شامل ہیں۔ احتساب عدالت نے صدر زرداری اور نیب پراسیکیوٹر کو سمن جاری کئے تھے۔ دریں اثناءچیئرمین نیب چودھری قمر زمان نے زرداری کے خلاف ریفرنس میں پیش نہ ہونے پر پراسیکیوٹر سے وضاحت طلب کرلی ہے۔ چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ تمام پراسیکیوٹر مقدمات میں حاضری کو یقینی بنائیں۔ نیب پراسیکیوٹر مقدمات کی یکسوئی کے ساتھ پیروی کریں۔ چیئرمین نیب نے ڈپٹی چیئرمین نیب کو تمام احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن