بھارتی فوج کی شکرگڑھ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ، گولہ باری پاکستان رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی
سیالکوٹ+ شکرگڑھ + نئی دہلی (نامہ نگاران+ آن لائن) بھارتی سکیورٹی فورسز نے سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن کے شکر گڑھ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے۔ سرحدی علاقوں سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شکرگڑھ سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز نے بلااشتعال فائرنگ کے دوران جدید ہتھیار استعمال کئے اور مارٹر گولے بھی برسائے گئے جو پاکستانی علاقوں کے کھیتوں میں گرے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے پاکستانی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم پاکستان چناب رینجرز کی منہ توڑ جوابی کارروائی کی وجہ سے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا سلسلہ رک گیا اور بھارتی گنیں خاموش ہو گئیں۔ فائرنگ وگولہ باری میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم بھارتی فائرنگ وگولہ باری سے پاکستانی سرحدی دیہاتوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔ پاکستان چناب رینجرز نے فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کیا ہے۔ دریں اثناءبھارت نے ایک دفعہ پھر پاکستان پر کنٹرول لائن پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات کی بوچھاڑ کردی تاہم پاکستان نے ان الزامات کی سختی سے تردید کردی۔ پیر کے روز بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے اعلیٰ ا ہلکاروں نے الزام لگایا کہ پاکستانی رینجرز نے سامبا سیکٹر میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی اور پاکستانی رینجرز کی بلاجواز فائرنگ کے نتیجے میں بھارتی سکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوگیا تاہم پاکستانی رینجرز کے ذرائع کے مطابق بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز کے الزامات بے بنیاد ہیں کیونکہ فائرنگ کا آغاز سرحد پار سے کیا گیا تھا اور پاکستانی رینجرز نے صرف اپنے دفاع میں جوابی فائر کیا تھا۔