اضلاع کی سطح پر ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ہنگامی ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس گذشتہ روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں ہوا جس میں ہا¶س کی منظوری سے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ہونے والے انتخابات کا الیکشن کمشنر مقرر کر دیا گیا۔ ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ اجلاس الیکشن کے سلسلہ میں بلایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئی او سی اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کسی طور پر یہ بات قبول نہیں کرتی کہ فیڈریشن کے الیکشن میں کسی قسم کی حکومتی مداخلت ہو۔ اس سلسلہ میں ہم نے میڈیا کے نمائندوں کو ہی شفاف الیکشن کرانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ الیکشن شیڈول میں کوئی تبدیلی نہیں ہے یہ 25 اکتوبر سے 25 نومبر تک ہونگے۔ اس موقع پر نئے الیکشن کمشنر ارشد انصاری نے کہا کہ میری پوری کوشش ہوگی کہ ہاکی فیڈریشن کے صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں۔ الیکشن کا پی ایچ ایف کے آئین اور قانون کے تحت ہوگا مجھ پر اس حوالے سے کوئی پریشر نہیں۔ الیکشن کمشنر ارشد انصاری نے ڈسٹرکٹ ہاکی ایسوسی ایشن کے انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا جس کے مطابق پنجاب میں 25 اکتوبر سے 15 نومبر تک، خیبر پی کے میں 4 سے 15 نومبر تک، سندھ میں 5 سے 15 نومبر تک، بلوچستان میں 5 سے 15 نومبر تک، گلگت اور بلتستان میں 13 نومبر کو،اے جے اینڈ کے میں 13، 14 نومبر، فاٹا میں 5 ، 6 نومبر جبکہ اسلام آباد کے الیکشن 12 نومبر کو ہونگے۔ صوبوں کے الیکشن 16 سے 20 نومبر تک جبکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے الیکشن 21 سے 25 نومبر کے دوران ہونگے۔ الیکشن کمشنر کی جانب سے صوبائی ایسوسی ایشنز کے انتخابات کے لئے کوارڈینیٹرز بھی مقرر کیے جن میں پنجاب کے لئے اولمپئن ناصر علی، سندھ کے لئے سید لطافت شاہ، خیبر پی کے کے لئے اولمپئن محمد اخلاق، بلوچستان کے لئے مسز راحلیہ دورانی، گلگت اینڈ بلتستان اور آزاد جموں اینڈ کشمیر کے لئے لیفٹیننٹ کرنل (ر) ندیم احمد بھٹی، فاٹا کے لئے اولمپئن محمد اخلاق، اسلام آباد کے لئے اولمپئن محمد عثمان کو مقرر کیا گیا۔