• news

ابوظہبی ٹیسٹ: 8 وکٹوں کے نقصان پر جنوبی افریقہ کے 245 رنز‘ پاکستانی باﺅلر ذوالفقار بابر کی زبردست پرفارمنس

ابوظہبی (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقہ نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنا لئے، ہاشم آملہ کی ناقابل شکست سنچری نے پروٹیز کو مکمل تباہی سے بچا لیا، وہ 118 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ جے پی ڈومنی نے نصف سنچری بنائی۔ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو ٹیسٹ کھیلنے والے ذوالفقار بابر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز شیخ زید سٹیڈیم میں ٹیسٹ کے پہلے روز جنوبی افریقہ کے کپتان گریم سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اس کی پہلی تین وکٹیں 43 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔ الویرو پیٹرسن 3 اور گریم سمتھ 15 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کا نشانہ بنے جبکہ جیک کیلس کو 5 کے انفرادی سکور پر جنید خان نے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد ہاشم آملہ نے اے بی ڈی ولیئرز کے ساتھ مل کر ٹیم کا سکور 104 تک پہنچا دیا، ڈی ولیئرز 19 رنز بنانے کے بعد رن آﺅٹ ہوگئے۔ اس موقع پر آملہ اور جے پی ڈومنی نے سکور آگے بڑھانا شروع کیا اور95 رنز کی شراکت قائم کر کے 199 تک پہنچا دیا۔ ڈومنی پانچویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 57 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے۔ ڈومنی کے آﺅٹ ہونے کے بعد ہاشم آملہ نے کیریئر کی 20 ویں سنچری مکمل کی۔ فف ڈوپلیسی بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور اسی اوور میں ایک رن بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کا نشانہ بن گئے۔ روبن پیٹرسن بھی 5 رنز بنانے کے بعد ذوالفقار بابر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔ ورنن فلینڈر جنوبی افریقہ کے آٹھویں آﺅٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 3 رنز بنانے کے بعد سعید اجمل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ اس طرح جنوبی افریقہ نے پہلے روز کھیل کے اختتام تک 8 وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنا لئے۔ ہاشم آملہ 118 اور ڈیل سٹین 13 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن