لبنانی گلوکار ودیع الصافی انتقال کر گئے
لندن (بی بی سی)عرب دنیا کے معروف گلوکار ودیع الصافی 92 سال کی عمر میں لبنان میں انتقال کر گئے ہیں۔انہوں نے خطے میں لبنانی موسیقی کے فروغ کے لئے گراں قدر خدمات سر انجام دیں۔جمعے کے روز ودیع الصافی اپنے صاحبزادے کے ساتھ تھے جب انہیں ہسپتال لے جایا گیا۔الصافی کو ’لبنان کی آواز‘ کہا جاتا تھا اور وہ عرب موسیقی کے روشن دور کے نمایاں فنکار تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سنتے ہیں کئی لوگوں نے موسیقی کے اس لیجنڈ کو خراج تحسین پیش کیا اور انہیں مشرق وسطیٰ کے ’فرینک سناٹرا‘ کا خطاب بھی دیا۔ودیع الصافی عیسائی تھے اور انہوں نے 1930 کے آخر میں لبنانی موسیقی کا ایک مقابلہ جیتنے کے بعد شہرت پائی۔انہوں نے تین ہزار گانے گائے اور نئے طرز کی لوک موسیقی بنانے کے وجہ سے انہیں آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔