• news

فنکار اور بقر عید

سیف اللہ سپرا
عیدالاضحیٰ کا تہوار مسلم امہ کے لئے بہت اہم ہے۔ اس عید کو عید قربان بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس عید پر اللہ تعالیٰ کی راہ میں کسی جانور کی قربانی دے کر سنت ابراہیمی پر عمل کیا جاتا ہے۔ زندگی کے دوسرے شعبوں کی طرح شو بز کے حلقوں میں بھی یہ تہوار بڑے جوش و خروش اور خصوصی اہتمام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس بار عیدالاضحیٰ شو بز کے حلقوں میں کس طرح منائی جا رہی ہے یہ معلوم کرنے کے لئے ہم نے شو بز کی کچھ اہم شخصیات سے گفتگو کی ہے جس کے منتخب حصے قارئین کی دلچسپی کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں۔
پنجاب فلم سنسر بورڈ کی چیئرپرسن اور معروف فلمسٹار زیبا بیگم نے کہا ہے کہ آج ملک کے جو حالات ہیں ان کے پیش نظر عید سادگی سے منائیں گے۔ قربانی کریں گے اور دوست احباب سے ملیں گے اور اس اہم موقع پر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں گے کہ ہمارے ملک کے جو مسائل ہیں اور عوام کی جو پریشانیاں ہیں وہ دور ہوں۔ ملک میں امن قائم ہو اور ملک سلامت رہے۔ اللہ تعالیٰ وزیراعظم میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو ہمت دے کہ وہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلائیں۔
معروف گلوکارہ پرائیڈ آف پرفارمنس شاہدہ منی نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کا دن ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ یہ دن ہمیں ایثار، محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے اور آپس میں محبتیں بانٹنے کا درس دیتا ہے۔ یہ دن آپس کی نفرتیں اور کدورتیں ختم کرنے کا دن ہے اور ایک دوسرے کو گلے لگانے کا دن ہے۔ میں یہ دن خصوصی اہتمام کے ساتھ مناتی ہوں۔ نماز کے بعد قربانی کرتی ہوں پھر قربانی کا گوشت تقسیم کرتی ہوں۔ اس کے بعد عزیز و اقارب کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ میں اس اہم موقع پر اپنے مسلمان بہن بھائیوں کو ایک پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اس ملک کے امن کے لئے سب اہل وطن مخلصانہ کوشش کریں اور ایک دوسرے کو گلے لگا لیں۔ نفرتوں کو ختم کر دیں اور آپس میں محبتیں بانٹیں اس کے علاوہ اس اہم موقع پر غریبوں کو بھی یاد رکھیں۔ قربانی کے گوشت سے اپنے فریزر نہ بھر لیں بلکہ یہ گوشت ان غریبوں میں تقسیم کریں جو اس کے اصل حقدار ہیں۔
معروف اداکار سہیل احمد نے کہا کہ عیدالاضحیٰ اسلام کا ایک ایساتہوار ہے جس سے ملنے والے سبق کی ہمارے ملک کو فی الوقت اشد ضرورت ہے، ایثار یعنی قربانی کا جذبہ ہی ملک کی موجودہ صورتحال میں واحد ضرورت ہے۔ ہر حوالے سے، ہر مشکل میں قربانی ہی ہمارے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ ملک کی معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے ٹیکس کا معاملہ ہو، توانائی کی بچت کے لئے دکانیں اور بازار بند کرنے کا مسئلہ ہو یا میرٹ پر بچوں کو تعلیم دلانے کا معاملہ ہو، ہر جگہ ایثار سے کام لینا پڑے گا۔ میں سمجھتا ہوں کہ اگر عیدا لاضحیٰ کے ذریعے ملنے والے سبق کو ہم لوگ اختیار کر لیں تو پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم بن سکتی ہے۔
معروف گلوکار عدیل برکی نے کہا کہ عید قربان اپنے اندر اتنا بڑا مفہوم لیے ہوئے ہے جو ہمیں ہر موقع پر ہر رشتے میں پیار محبت اور ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ میں خاص طور پر امریکہ سے عیدالاضحیٰ اور قربانی کے لئے پاکستان آیا ہوں اور 19اکتوبر کو میں واپس دوبارہ ہوسٹن چلا جاﺅں گا۔ جہاں امریکہ میں مقیم پاکستانی ڈاکٹروں کی ایک بڑی تنظیم ”اپنا“ کے زیراہتمام ہونے والے ایک بڑے شو میں شرکت کے بعد 27اکتوبر کو واپس وطن پہنچ جاﺅں گا۔ میرے لئے ان چند دنوں کے لئے پاکستان آنا عید قربان کے حوالے سے اس لئے بھی ضروری تھا کہ عید کی نماز پر جہاں بہت سارے ایسے محلے داروں اور دوستوں کے ساتھ ملاقات ہو جاتی ہے جنہیں ہم مہینوں نہیں ملتے۔ دوسرا قربانی کی اس روایت کو اگلی جنریشن تک منتقل کرنے کے لئے یہ خوبصورت اور نادر موقع ہوتا ہے۔ آج پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ایثار اور قربانی کے انہی جذبات کی کمی کا یہ نتیجہ ہے۔ ہمیں چاہئے کہ قربانی کی اس روایت کو جس کی یاد عید قربان ہمیں ہر عید پر کراتی ہے اس پر ہمیں عمل پیرا ہونے کی کوشش کرنی چاہئے۔
معروف اداکار نعمان اعجاز نے کہا ہے کہ مہنگائی اس قدر زیادہ ہو گئی ہے کہ اکثریتی آبادی قربانی کا سوچ ہی نہیں سکتی۔ ملک میں چوریوں ڈکیتی اور کرپشن کی سب سے بڑی وجہ مہنگائی ہے۔ آئے روز بجلی مہنگی کی جا رہی ہے اوپر سے حکومت بلوں کے ریٹس کے حوالے سے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ امن و امان کی حالت خطرناک حد تک خراب ہے۔ آئے روز بم دھماکے ہو رہے ہیں۔ ان حالات میں لوگ ماتم کریں گے یا عید منائیں گے۔ قربانی بہت مہنگی ہو گئی ہے کہ عام آدمی کی دسترس سے باہر ہے۔ ان حالات میں عید کیا منانی ہے۔
معروف اداکار احسن خان نے کہا ہے کہ عید الاضحیٰٰ کا بڑا اہم دن ہے۔ یہ دن ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے اور آپس میں محبتیں بانٹنے کا درس دیتا ہے۔ ہمیں اس دن اپنے غریب بہن بھائیوں کو یاد رکھنا چاہئے۔ میں یہ دن بڑے اہتمام کے ساتھ مناتا ہوں۔ عید کی نماز ادا کرتا ہوں جہاں ایسے دوستوں اور اہل محلہ سے ملاقات ہو جاتی ہے جن سے کئی کئی ماہ ملاقات نہیں ہوتی۔ اس کے بعد قربانی کرتا ہوں اور گوشت تقسیم کرتا ہوں۔ یہ دن ہمارے لئے بہت اہم ہے۔ اس موقع پر ہمیں دعا کرنی چاہئے کہ اللہ تعالیٰ اس ملک کو محفوظ رکھے۔
معروف ماڈل، اداکارہ اور گلوکارہ عائشہ عمر نے کہا ہے کہ میں اس دفعہ عید نہیں منا رہی۔ ایک وجہ تو میری فیملی کے کچھ مسائل ہیں اور دوسرا میں سمجھتی ہوں کہ خود گوشت کھانے سے بہتر ہے کہ آدمی کسی غریب آدمی کی مدد کر دے۔
فلم اور ٹی وی کے اداکار اور معروف ماڈل معمر رانا نے کہا کہ بم دھماکوں نے ملک کا سکون برباد کر رکھا ہے۔ ان حالات میں کیا عید منانی ہے۔ بہرحال سنت ابراہیمی پوری کرنی ہے۔ لہٰذا عید سادگی سے منائیں گے اور اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربانی دیں گے۔
معروف ماڈل و اداکارہ عمائمہ ملک نے کہا ہے کہ میں جس قدر بھی مصروف ہوں اپنی تمام مصروفیات چھوڑ کر بڑے اہتمام کے ساتھ عید مناتی ہوں اور ہمیشہ اپنی فیملی کے ساتھ عید مناتی ہوں۔ اس مرتبہ بھی کراچی میں اپنی فیملی کے ساتھ عید مناﺅں گی۔ عید قربان، عیدالفطر سے ذرا مختلف ہوتی ہے۔ عیدالفطر پر نئے کپڑوں، جوتوں مہندی، چوڑیوں کی خریداری کی مصروفیات ہوتی ہیں جبکہ عیدالاضحیٰ پر قربانی کی مصروفیات ہوتی ہیں۔ دونوں عیدوں کی اپنی اپنی جگہ پر ایک اہمیت ہے۔ کل عیدالاضحیٰ ہے اور میں اس عید کا شدت سے انتظار کر رہی ہوں۔ ہم نے قربانی کے لئے بکرا خریدا ہوا ہے۔ انشااللہ اس کی قربانی کریں گے اور امی کے ساتھ مل کر قربانی کا گوشت اس کے حقداروں میں تقسیم کریں گے۔ امی کھانا بنائیں گی اور ہم سب مل کر یہ کھانا کھائیں گے۔ اس کے بعد عزیز و اقارب سے عید ملنے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن