• news

مسائل سے نجات کیلئے ہمیں جذبہ قربانی‘ بھائی چارہ اور مذہبی رواداری پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انتہاپسندی کا قلع قمع کرنا ہوگا۔ صدر ۔ وزیراعظم

لاہور + اسلام آباد (خصوصی رپورٹر + آن لائن) صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے پوری قوم کو عیدالاضحی کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے اپنی تمام توانائیوں کو بروئے کار لانا ہوگا اور انتہاپسندی جیسے رجحانات کا سختی سے قلع قمع کرنا ہوگا۔ عید کی خوشیوں میں نادار، غریب اور بے کس لوگوں کو بھی شامل کرنا چاہئے۔ ملک کی نازک صورتحال کے پیش نظر ہمیں گروہی مفادات اور انتہا پسندانہ رویوں سے بالاتر سوچ اپنانا ہوگی۔ مسائل سے نجات کیلئے جذبہ حب الوطنی اور ایثار و قربانی کی ضرورت ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں صدر ممنون حسین نے کہا کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی اطاعت خداوندی کی یادگار ہے۔ آج کے دن ان عظیم ہستیوں نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی ایسی لازوال مثال پیش کی جسے تاقیامت صاحب استطاعت مسلمان ایک مقدس فریضے کے طور پر ادا کرتے رہیں گے۔ قربانی مسلمانوں کیلئے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ آج وطن عزیز کو جن مسائل کا سامنا ہے ان سے نجات حاصل کرنے کیلئے ہمیں جذبات ایثار و قربانی‘ اخوت و بھائی چارہ‘ ہمدردی اور مذہبی رواداری جیسے اصولوں پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ ہمیں عیدالاضحی کے اصل پیغام کے مطابق زندگی گزارنے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو امن‘ ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحی کا تہوار عالم اسلام کا اہم تہوار ہے۔ یہ دن اہل وطن اسلام کیلئے عزم و ایثار اور کردار کی انتہائی بلندی کا نمونہ پیش کرتا ہے اور اس عظیم قربانی کی یاد تازہ کرتا ہے جو حضرت ابراہیمؑ نے اﷲ تعالیٰ کے حکم پر اپنے لخت جگر حضرت اسماعیلؑ کو راہ خدا میں پیش کرنے کے عمل سے قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دین اسلام راحت و بھلائی کا دین ہے جو ظلم کی ہر شکل کو حرام قرار دیتا ہے ہمیں ہر لمحہ اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں اپنی حقیقی اقدار اور سچی روایات کو فروغ دینے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امت مسلمہ کو بالعموم اور پاکستانیوں کو بالخصوص ایثار و قربانی جیسے عظیم جذبے پر عمل کی ضرورت تو ہمیشہ سے رہی ہے لیکن ملک کے موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اسکی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس وقت ملک کی نازک صورتحال تقاضا کرتی ہے کہ ہم ذاتی مسلکی‘ گروہی مفادات اور انتہا پسندانہ رویوں سے بالاتر سوچ اپنائیں۔ اﷲ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ ہم سب کو عیدالاضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عیدالاضحی کا مذہبی تہوار حضرت ابراہیمؑ کی اس عظیم الشان قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے جو انہوں نے اﷲ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے حصول کیلئے دی۔ ہمارا مذہب اسلام امن و سلامتی، ایثار اور نادار افراد کی اعانت کا درس دیتا ہے۔ اسلئے ہمیں خوشی کے اس موقع پر غریب اور بے سہارا افراد کو فرمواش نہیں کرنا چاہئے بلکہ انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کر کے اپنا مذہبی اور اخلاقی فریضہ ادا کرنا چاہئے۔ ہمیں عید کے مبارک موقع پر انسانیت کی خدمت کو ا پنی زندگیوں کا محور بنانے کا عہد کرنا ہوگا۔ قوم عیدالاضحی کا مذہبی تہوار مناتے وقت ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے دعائیں کرے۔ ہمیں آج کے دن جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہو کر ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا بھی عہد کرنا ہو گا۔ عدل، مساوات اور انسانیت سے محبت جیسے اسلام کے سنہری اصولوں کو اپنا کر ایک فلاحی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔ ایسے معاشرے کی تشکیل کیلئے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ عوام کے فلاحی پروگرامو ںکا سلسلہ جاری ہے اور حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبے تیزی سے آگے بڑھا رہی ہے۔ عیدالاضحی کا مقدس تہوار ہم سے تقاضا کرتاہے کہ اپنی کوتاہیوں کا جائزہ لیکر انکی اصلاح کی جائے اور متحد ہو کر ایک نئے جذبے اور عزم سے ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنے کا عہد کریں۔

ای پیپر-دی نیشن