جوہر ٹاﺅن : شادی ہال ‘ فیکٹری ‘ حکومتی ایم پی اے کی 12 دکانیں مسمار‘ متاثرین کا احتجاج‘ لاٹھی چارج
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ایل ڈی اے نے پولیس کی مدد سے جوہر ٹاﺅن کے قریب تجاوزات کےخلاف آپریشن کرکے 20 کنال سے زائد سرکاری زمین واگزار کرالی جبکہ اراضی پر بنی ہوئی متعدد عمارتوں کو مسمار کر دیا گیا جن میں حکومتی رکن اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کی دکانیں بھی شامل ہیں، متاثرین نے احتجاج کرتے ہوئے شوکت خانم روڈ کو ہر طرح کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا جسکے بعد پولیس نے لاٹھی چارج کے بعد دو افراد کوحراست میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے حکام نے منگل کے روز پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ شوکت خانم روڈ پر سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے بنائی گئی عمارتیں مسمار کرکے 20 کنال سے زائد اراضی واگزار کرالی۔ بتایا گیا ہے کہ ان میں حکومتی رکن پنجاب اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے بھی 12 دکانیں تعمیر کر رکھی تھیں۔ آپریشن کے دوران ہی متاثرین نے احتجاج شروع کردیا اور شوکت خانم روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا جس سے گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔ جسکے بعد پولیس نے مظاہرین کو منتشرکرنے کیلئے لاٹھی چارج کیا، مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں بھی ہوئیں جسکے بعد پولیس نے دومشتعل مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ حکام کے مطابق سرکاری اراضی پر ناجائز تعمیر کی گئی 12 دکانیں، 1 شادی ہال اور 1 فیکٹری کو مسمار کردیا گیا جبکہ 2006 سے مقبوضہ زمین پر تعمیر کی گئی دیگر دو عمارتیں بھی مسمار کردی گئیں۔ اس موقع پر متعلقہ زمین کے مالک (ن) لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ ایل ڈی اے نے غیر قانونی طور پر آپریشن کیا ہے، میرے پاس زمین کی ملکیت کے کاغذات اور منظور شدہ نقشہ موجودہے۔