ناراضی کی خبریں ڈس انفارمیشن ہے، طالبان آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں: فضل الرحمن
لاہور (خصوصی نامہ نگار) مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ غیر مشروط مذاکرات کے آغاز سے ہی ملک بہتری کی طرف بڑھ سکتا ہے ٹیبل پر بیٹھنے سے بہتری کے کئی راستے نکل سکتے ہیں مرکزی میڈیا سیل کے مطابق وہ وفود اور پارٹی رہنماﺅں مولانا قاری فیاض الرحمن علوی، مولانا محمد امجد خان، مولانا محمد یوسف سے گفتگو کر رہے تھے، فضل الرحمن نے کہا کہ دورہ افغانستان میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کی طرف سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لئے پیشکش پر فوری رابطے کرنے کی ضرورت ہے تاکہ پا کستانیوں کی رہائی کرائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عید بعد وزیراعظم سے ملیں گے اور انہیں صورت حال سے آگاہ کریں گے۔ جے یو آئی کے وفد کا دورہ انتہائی کامیاب رہا، ہم نے تین دن میں وہ کامیابیاں حاصل کیں جو حکومتیں حاصل نہ کر سکیں، طالبان آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں ہم نے افغانستان پر بیرونی حملے کی مخالفت کی تھی اور آج بھی کرتے ہیں، طالبان سے ناراضی کی خبریں ڈس انفارمشن ہے، جے یو آئی کے نزدیک طالبان آزادی کی جنگ لڑ رہے ہےں۔ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کا افغانستان سے فوری انخلا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، امریکہ کو بالآخر مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھنا پڑا۔ افغانستان میں امن سے ہی خطے میں امن قائم ہو سکتا ہے۔