• news

افغان‘ نیٹو فورسز پر حملے تیز‘ صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا جائے گا: ملا عمر

کابل (آن لائن)افغان طالبان کے روپوش سربراہ ملا عمر نے امریکہ اور افغانستان کے درمیان دفاعی سمجھوتہ پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے طالبان کے نام اپنے ایک انٹرنیٹ پیغام میں سکیورٹی فورسز پر حملے تیز کرنے کا حکم دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مجوزہ صدارتی انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔ ملا عمر نے اپنے اس پیغام میں گذشتہ روز افغانستان اور امریکہ کی حکومتوں کے درمیان طے پانے والے دفاعی معاہدے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ امریکہ اور افغانستان کے مابین اس دو طرفہ سکیورٹی معاہدے کے حوالے سے ہفتے کے روز امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور افغان صدر حامد کرزئی نے جزوی طور پر اتفاق کر لیا تھا تاہم افغانستان میں امریکی فوجیوں کو قانونی کارروائی سے مستثنیٰ قرار دیئے جانے والے اہم نکتے پر تاحال اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔ طالبان کے رہنما نے اس سکیورٹی ڈیل کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ملا عمر نے طالبان جنگجوو¿ں کو ہدایت کی کہ وہ افغان سکیورٹی فورسز اور نیٹو دستوں کے خلاف کارروائیاں اور تیز کر دیں۔ اس موقع پر انہوں نے افغان عوام سے اپیل کی کہ وہ آئندہ برس ہونے والے صدارتی اتخابات کا بھی بائیکاٹ کر دیں۔ ان انتخابات کے ذریعے حامد کرزئی کے جانشین کا انتخاب ہونا ہے۔ملا عمر کا یہ تازہ پیغام افغانستان میں عیدالاضحی کے سلسلے میں چھٹیوں کے دوران ای میل کے ذریعے طالبان کے مختلف ذمہ داروں تک پہنچایا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن