• news

مشرف واپس جانے کیلئے پاکستان آئے ہیں: یوسف رضا گیلانی

ملتان (نوائے وقت رپورٹ/ آن لائن) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پرویز مشرف واپس جانے کیلئے پاکستان آئے ہیں۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا میرے بیٹے علی حیدر گیلانی کو اغوا کرنے والے گروپ ’’البدر‘‘ کے کمانڈر سے میری بات ہوئی تھی۔ انہوں نے سوات آپریشن میں گرفتار افراد کو علی حیدر کی رہائی کے بدلے چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، حکومت کے پاس تمام مسائل کا حل موجود نہیں، جنگ مسائل کا حل نہیں ہوتی آخری حل مذاکرات ہیں، حکومت اور طالبان مذاکرات کیلئے ماحول سازگار بنائیں۔ انہوں نے کہا حکومت عوام کی توقعات پر پورا نہیں اتر سکی۔ وقت بتائے گا کہ چیئرمین نیب کا تقرر بہتر فیصلہ ہے یا نہیں۔ چیئرمین نیب کا نام ای سی ایل میں بھی شامل رہا ہے۔ موجودہ حکومت سے اگر عوام اور میڈیا مطمئن ہیں تو میں بھی مطمئن ہوں۔ اس وقت ملک میں بحران اور کافی مسائل ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آئیگی تو انقلاب آئیگا لیکن اب عوام کو جھٹکا لگا ہے۔ مک مکا کی سیاست میرے فارمولے میں نہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں حکومت اور طالبان کو مذاکرات کیلئے ماحول کو سازگار بنانا چاہئے اور دونوں کو کنڈیشنز نہیں لگانی چاہئیں۔ وزیراعظم امریکہ جا رہے ہیں اور ان کے آنے کا انتظار کرنا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن