• news

چودہویں رگبی لیگ ورلڈ کپ کا آغاز 26 اکتوبر سے انگلینڈ اور ویلز میں ایک ساتھ ہو گا

لندن (اے پی پی) چودہویں رگبی لیگ ورلڈ کپ کا آغاز 26 اکتوبر سے انگلینڈ اور ویلز میں ایک ساتھ ہو گا۔ افتتاحی میچ میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم ٹائٹل کے دفاع کیلئے میدان میں اترے گی۔ 30 نومبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دنیائے رگبی کی 14 بہترین ٹیمیں عالمی ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی جن میں میزبان انگلینڈ اور ویلز سمیت، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، ساموا، فجی، فرانس، پاپوا نیو گنی، آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ، ٹونگا، آئس لینڈز، اٹلی اور امریکہ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں آسٹریلیا، انگلینڈ، فجی، آئرلینڈ، گروپ بی میں دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ، پاپوا نیو گنی، فرانس اور ساموا، گروپ سی میں سکاٹ لینڈ، ٹونگا اور اٹلی جبکہ گروپ ڈی میں آئس لینڈز، امریکہ اور ویلز شامل ہیں۔ لیگ میچز 10 نومبر تک جاری رہیں گے، کوارٹر فائنلز 15 سے 17 نومبر کو کھیلے جائیں گے، چار بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز 23 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ عالمی چیمپئن کے ٹائٹل کیلئے فیصلہ کن معرکے میں دو ٹاپ ٹیمیں 30 نومبر کو مدمقابل ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن