پاکستان لائرز کرکٹ ٹیم کے احتجاج پر بھارت کے ساتھ میچ ایک روز کیلئے ملتوی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان لائرز کرکٹ ٹیم کے احتجاج پر ٹورنامنٹ انتظامیہ نے پاکستان اور بھارت کے مابین گذشتہ روز ہونے والا میچ ایک روز کے لئے ملتوی کر دیا اب دونوں ٹیمیں آج مقابلہ کے لئے میدان میں اتریں گی۔ قومی لائرز کر کٹ ٹیم کے ترجمان اور سینئر کھلاڑی واصف زمان نے دہلی سے ’’نوائے وقت‘‘ کو بتایا کہ گذشتہ روز پاکستان لائرز ٹیم بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کے لئے شیڈول کے مطابق جامعہ ملیہ کرکٹ گرائونڈ پہنچی مگر میچ سے قبل ٹیم کے کپتان اور کھلاڑیوں نے منتظمین سے احتجاج کیا کہ انہوں نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل یقین دہانی کرائی تھی کہ پاکستان بھارت میچ پاکستانی سکواڈ کے باقی کھلاڑیوں کے بھارت پہنچنے پر کروایا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کے احتجاج اور 11 کھلاڑیوں کے ساتھ بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار پر پاکستان بھارت میچ ایک روز کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان لائرز کرکٹ ٹیم کے تین مزید کھلاڑی سلمان صدر الدین، محمد علی لاکھانی اور عبداللہ بلال نے گذشتہ روز بھارت پہنچ کر ٹیم کو جوائن کر لیا۔