امریکہ نے اتحادی سپورٹ فنڈ کے 32 کروڑ ڈالر جاری کر دئیے: اسحاق ڈار
اسلام آباد/ لندن (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے امریکہ نے اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں رقم جاری کردی۔ انہوں نے کہا اتحادی سپورٹ فنڈ کی رقم پرانے بلوں کی مد میں واجب الادا تھی۔ انہوں نے کہا 32 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مرکزی بینک کے پاس جمع کرا دئیے گئے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق فنڈ کے بقایا جات وزیر خزانہ کے نیویارک میں مذاکرات کے بعد جاری ہوئے۔ وزیر خزانہ آئی ایم ایف، ورلڈ بنک سے بات چیت کیلئے واشنگٹن میں موجود ہیں۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے جو ان دنوں لندن میں ہیں آئی ایف سی‘ حبیب بینک اور دوسرے مالیاتی اداروں کے نمائندوں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان کیلئے 500 ملین ڈالر کے ریوالونگ ٹریڈ فنانس کی سہولت کے بارے میں اصولی اتفاق ہوا۔ یہ سہولت تیل کی درآمد کیلئے استعمال کی جائے گی جس کی تفصیلات بعد میں طے ہوں گی۔ آئی ایف سی اور دوسرے مالیاتی ادارے ایک کنسورشیم کے تحت سہولت دیں گے اور اس کو بتدریج بڑھا کر ایک بلین ڈالر پر کر دیا جائیگا۔ اے پی پی کے مطابق لندن سے موصولہ بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے عالمی سرمایہ کاروں اور مالیاتی ماہرین کو پاکستان کی اقتصادی خوشحالی کے ویژن، قوم کو تصور سے آگاہی فراہم کرنے کے حوالے سے کئے جانیوالے اقدامات، ملک کو درپیش مسائل، مستقبل میں دستیاب مواقع اور حال ہی میں ملک کی مستحکم اقتصادی ترقی کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں چوٹی کے ایسٹ منیجرز نے شرکت کی جو اس وقت 3 کھرب ڈالر سے زائد کے اثاثہ جات کی مینجمنٹ کر رہے ہیں۔ انہوں نے وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ملاقات سے انہیں حکومتی اقدامات سے مکمل آگاہی حاصل ہوئی ہے۔ وفاقی وزیر نے انہیں مالیات، توانائی، انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر مختلف شعبوں میں دستیاب مواقعوں سے آگاہ کیا اور عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت دی وہ پاکستان میں دستیاب سرمایہ کاری کے وسیع مواقعوں سے استفادہ کریں۔ سرمایہ کاروں نے ملک کے مختلف شعبوں میں دستیاب سہولیات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے تیل و گیس، مواصلات اور مالیات کے شعبوں میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی۔