ٹیسٹ رینکنگ : مصباح الحق کیرئیر بیسٹ ساتویں پوزیشن پر آ گئے
لاہور(سپورٹس رپورٹر) جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد آئی سی سی نے بھی پاکستانی کپتان کو کیریئر بیسٹ رینکنگ دے دی۔ ٹیسٹ پلیئر کی تازہ رینکنگ میں مصباح بارہویں سے ساتویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ٹیم رینکنگ میں پاکستان بھی چھٹی پوزیشن سے ٹاپ فور میں پہنچ جائے گا۔ابوظہبی میں جنوبی افریقہ کیخلاف پہلی اننگز میں ذمہ دارانہ سنچری اور دوسری اننگز میں دھواں دار میچ وننگ بیٹنگ کی۔ آئی سی سی نے مصباح کو کیریئر بیسٹ رینکنگ دے دی۔ پاکستانی کپتان جمپ مارکر بارہویں سے ساتویں نمبر پر آگئے۔مین آف دی میچ خرم منظور کو بھی پینتالس درجے ترقی مل گئی۔ بلے بازوں کی رینکنگ میں باونواں نمبر مل گیا، اسد شفیق بھی پچیسویں نمبر پر آگئے۔ یونس خان بدستور چھٹے نمبر پر براجمان ہیں۔ تاہم اظہرعلی تنزلی کا شکار ہوکر اکیسویں نمبر پر آگئے۔ بلے بازوں کی رینکنگ میں ہاشم آملہ بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ اے بی ڈی ویلیئر کو بہترین کارکردگی پر کیریئر بیسٹ دوسرا نمبر مل گیا، جب کہ ویسٹ انڈین بیٹسمین چندرپال تیسرے نمبر پر ہیں۔ابوظہبی میں چھ وکٹیں لینے والے سعید اجمل کا چوتھے نمبر پر قبضہ برقرار ہے۔ البتہ جنید خان دس درجے لمبی چھلانگ لگا کر بائیسویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ذوالفقار بابر اور محمد عرفان کی طوفانی بولنگ انہیں بھی ٹاپ ہنڈرڈ میں لے آئی۔ بولرز کی رینکنگ میں ڈیل سٹین نمبرون، فلینڈر نمبر دو اور سری لنکا کے رنگنا ہیراتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ ابوظہبی ٹیسٹ جیت کر پاکستان نے آئی سی سی ٹیسٹ ٹیم رینکنگ میں ٹاپ فور کے لئے سیٹ پکی کرلی ہے۔