گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ملا کر ایک انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے: سردار یعقوب
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو ملا کر ایک انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے: سردار یعقوب
اسلام آباد (ثناءنیوز)صدر آزاد جموں کشمیرسردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو مل کر ایک انتظامی ڈھانچہ تشکیل دے دیا جائے کشمیری عوام مسئلہ کشمیر کے حل کا ایسا کوئی فارمولا تسلیم نہیں کریںگے جس میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کی سیاسی قیادت کی مشاورت شامل نہ ہو ۔ عصری حالات اور پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کی مشکلات اپنی جگہ لیکن کشمیری اپنے حق خود ارادیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔ اگر گلگت بلتستان کے قائدین اتفاق رائے سے مل کر فیصلہ کریں تو میں آزاد کشمیر کی صدارت ان میں سے کسی ایک کو سونپنے کے لیے تیار ہوں۔ آزاد کشمیر گلگت بلتستان اور مقبوضہ کشمیر ایک جسم کے ٹکڑے ہیں ۔ ہم سب کشمیری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سید مہدی شاہ کی دعوت پر اس سال دسمبر سے قبل گلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہوں جیسے ہی وہ گرین سگنل دیں گے میں گلگت پہنچ جاﺅں گا۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو جنرل اسمبلی میں جاندار طریقے سے اٹھا کر کشمیریوں کی صحیح نمائندگی کی ہے ۔ جس پر وہ مبارک باد کے مسحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دو روزہ دورہ پونچھ کے دوران کھائیگلہ اور راولاکوٹ میں کارکنوں اور عوامی وفودسے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی حریت قیادت کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ جن مشکلات میں حریت کانفرنس کے قائدین آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں ہمیں ان کا احساس ہے انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں بھی تقسیم کشمیر کے کئی فارمولے سامنے آئے تھے لیکن میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ کشمیر ی قوم ایسے کسی فارمولے کو تسلیم نہیں کرے گی جس پر آر پار کی کشمیر ی قیادت کی مشاورت شامل نہ ہو ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے ٹھوس بات چیت کی جائے۔
سردار یعقوب