یورپی یونین اور کینیڈا کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ طے پا گیا
برسلز(این این آئی)یورپی یونین اور کینیڈا کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ طے پا گیا،اس پیش رفت سے دنیا کی یہ دو بڑی معیشتیں قریب آ جائیں گی جبکہ یورپی یونین اور امریکا کے درمیان بھی ایسے ہی معاہدے کی راہ ہموار ہو گی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ معاہدہ برسلز میں طے پایا۔ بعد ازاں کینیڈا کے وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر نے کہاکہ یہ ہمارے ملک کی جانب سے کیا گیا اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ کینیڈا، امریکا اور میکسیکو کے درمیان نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ یا نیفٹا سے بھی آگے نکل گیا ہے۔ اس معاہدے کے لیے یورپی یونین اور کینیڈا کے درمیان بات چیت 2009 میں شروع ہوئی تھی۔ تاہم یورپی یونین کے پنیر اور کینیڈا کے گائے کے گوشت پر کوٹے کے تنازعے کے باعث مذاکرات مہینوں تعطل کا شکار رہے۔ اس معاہدے کے نتیجے میں کینیڈا جی ایٹ کا رکن وہ واحد ملک بن جائے گا جسے دنیا کی دو بڑی منڈیوں، امریکا اور یورپی یونین تک ترجیحی رسائی حاصل ہو گی۔