• news

جنگ وجدل کسی کے فائدے میں بھی نہیں ۔ مذاکرات بحال کرنے چاہئیں

اسلام آباد (آن لائن + اے پی اے) دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو کنٹرول لائن کشیدگی پر ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے مذاکرات بحال کرنے چاہئیں، پاکستان جنگ بندی پر سختی سے کاربند ہے اور صرف جوابی کارروائی کرتا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا وزیراعظم کا دورہ امریکہ بڑی اہمیت رکھتا ہے اس سے تعلقات مضبوط بنانے اور اہم مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت اور امریکہ سمیت تمام ملکوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ اعزاز چوہدری نے کہا پاکستان کو دہشت گردی جیسے کئی مسائل کا سامنا ہے اور ان مسائل کے حل سے علاقے میں قیام امن میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہاکہ  دونوں ملکوں کو جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرتے ہوئے تمام مسائل کے پائیدار حل کیلئے پیشرفت کرنی چاہیے۔ اے پی اے  کے مطابق اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ  بھارت سے ایل او سی کشیدگی  کے خاتمے  کے لئے بیک  ڈور ڈپلومیسی  کی جا رہی ہے جنگ وجدل  کسی کے فائدے میں بھی نہیں۔  وزیراعظم نواز شریف  نے انتخابات  سے قبل یہ واضح  طور پر کہا تھا کہ پاکستان بھارت اور دیگر  علاقائی  ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات  چاہتا ہے۔  امید  ہے حالات  جلد درست سمت میں آ جائینگے۔

ای پیپر-دی نیشن