فی الحال فلموں یا ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں: ریما خان
فی الحال فلموں یا ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں: ریما خان
لاہور(آئی این پی ) فلم سٹار ریما خان نے کہا کہ میرا فی الحال فلموں یا ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں لیکن اپنی فلمیں خود بنانا چاہتی ہوں جس کیلئے مختلف آپشنز پر بھی غور کیا جا رہا ہے‘شادی کے بعد کامیاب زندگی گزارنے کیلئے پیار اور محبت کا ہونا ضروری ہے‘ میں زندگی کا ہر فیصلہ اپنے شوہر کی مشاورت سے کرتی ہوں اسی وجہ سے ہم خوشیوں سے بھرپور زندگی گزار رہے ہیں۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران فلم سٹار ریما خان نے کہا کہ مجھ سے بعض ہدایت کاروں نے فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کیلئے رابطہ کیا ہے لیکن میرا فی الحال ایسا کوئی ارادہ نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے فلم انڈسٹری سے آج بھی اتنی محبت ہے جتنی پہلے بھی اور میں انڈسٹری کی بہتری کیلئے ضرور اپنا کردار ادا کروں گی۔ ریما خان نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ پیار محبت کی ہونیوالی شادیاں انتہائی کم کامیاب ہوتی ہیں لیکن میرا یقین ہے کہ اگر پیار اور محبت برقرار رہے تو ناکامی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں اور میرے شوہر تمام فیصلے مشاورت سے کرتے ہیں اور ہمارے پیار محبت میں کمی نہیں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔