• news

نادرا نے نائیجیریا میں سمارٹ قومی شناختی نظام متعارف کروا دیا

اسلام آ باد (خبر نگار خصو صی) نائیجریاکے صدر کو قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کی تقریب کے بعد  نائیجریا  کے شہریوں کی رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ قومی شناختی کارڈ پروگرام کا افتتاح ابوجا میں نائیجریاکے ایوان صدر میں  ایک رسمی تقریب میں کیا گیا۔ تقریب میں ہزایکسیلنسی گڈلُک جوناتھن‘ خاتونِ اول‘ نائب صدر اور دیگر شخصیات نے نادرا کی طرف سے تیار کردہ  سسٹم استعمال کرتے ہوئے رجسٹریشن کروائی۔ یہ بات نادرا ترجمان نے اپنے جاری کردہ  بیان میں کہی۔ ترجمان کے مطابق  نائیجیریا کی حکومت کی مدد کیلئے نادرا نے اپنے ہم منصب ادارے ‘ قومی شناختی کارڈ مینجمنٹ کمیشن‘  کو سمارٹ قومی شناختی کارڈ فراہم کرنے کا ایک مضبوط نظام متعارف کروایا ہے جس کا اعتراف کرتے ہوئے  نائیجیریا  کے صدر نے کہا کہ نائیجیریا بھی شناخت مینجمنٹ اور عالمی مرکزی قومی شناختی ڈیٹابیس کے بڑھتے ہوئے رجحان سے خود کو علیحدہ نہیں رکھ سکتا۔ وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول چودھری نثار علی خان نے نائیجیریا کی حکومت کو اس کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے  امید کا اظہار کیا اس  سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات  کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے اس مثالی کامیابی کے لئے  نادرا مینجمنٹ اور پروجیکٹ ٹیم کی انتھک محنت کو بھی بہت سراہا چیئرمین  نادرا  ضروری مصروفیات کے باعث اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔  انہوں نے اپنے پیغام میں اسے ایک تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا  یہ بات بہت حوصلہ افزاء  ہے کہ نادرا کی جانب سے مقامی طور پر تیار کردہ نظام نے  نائیجیریا کی  حکومت کو یہ استعداد فراہم کی کہ وہ اپنے  شہریوں کو محفوظ سمارٹ قومی شناختی کارڈ جاری کر سکیں۔ نادرا کے  اہم ذرائع کے مطابق نادرا کو نائیجیریا کی طرف سے مزید پراجیکٹس ملنے کی بھی توقع ہے جس کیلئے عنقریب معاہدے پر دستخط بھی متوقع ہیں۔ نظام کی حفاظتی خصوصیات کو مزید بہتر بنانے کیے لئے نادرا نے  نائیجیریا کو شناختی کارڈ کے ساتھ IRIS کی ٹیکنالوجی  کو شامل کرنے کی بھی پیشکش کی ہے۔ پہلے مرحلے میں نادرا نے کامیابی کے ساتھ  ’بیک اینڈ پروسیسنگ ماڈیول‘   ’قومی شناختی  ڈیٹابیس مینجمنٹ رپورٹنگ‘  اور  ‘ ویب بیسڈ‘  توثیق کے نظام  کو متعارف کروا دیا ہے۔ دوسرے  مرحلے میں ’خودکار فنگر پرنٹس شناخت کا نظام (AFIS)‘  چہرے کی شناخت  اور   شناختی کارڈ کی پروڈکشن شامل ہے ۔ نادرا کے بین الاقوامی پراجیکٹس میں  کینیا کا  ’مشین ریڈایبل پاسپورٹ‘  بنگلہ دیش کا  ’ڈرایئونگ لائسنس‘  سوڈان کا  ’  سِول رجسٹریشن سسٹم‘ شامل ہیں۔ نادرا کو سری لنکا کے  شناختی کارڈ  بنانے کے لیئے  بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔  یاد رہے نادرا  اٹلی کی  ’آئی ڈی ورلڈ  کانگرس ‘  کی   درجہ بندی کے مطابق عالمی رینکنگ میں ٹاپ 50سسٹم انٹیگریٹرز میں شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن