اسلام دین امن، دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں: ملی مجلس شرعی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ملی مجلس شرعی کے رہنماؤں نے کہا کہ اسلام امن کا دین ہے اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، ایک سازش کے تحت دہشت گردی کو مسلمانوں سے جوڑ کر دین اسلام کو بدنام کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، پاکستان میں اسلام کے نظام کو نفاذ کرنے کے لئے ملی مجلس شرعی میں شامل تمام مکاتب فکر اپنا کردارادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ملی مجلس شرعی میں شامل تمام مکاتب فکر کے علماء صدر مفتی محمد خان قادری پروفیسر ڈاکٹر امین، قاری یعقوب شیخ، ڈاکٹر فرید پراچہ، مولانا راغب نعیمی، مولانا عبدالرؤف فاروقی سمیت دیگر نے عید ملن پارٹی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف ہونے والی سازشوں کے سامنے امت مسلمہ کو سیسہ پلائی ہو ئی دیوار بننا ہو گا۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اگر اسلامی ممالک کے سربراہان دین اسلام کی تعلیمات کو اپنا لیں تو تمام مسائل اور مشکلات حل ہو جا ئیں گی مسلمانوں کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مقابلہ کر نے کے لئے امت مسلمہ کو متحد ہونا ہو گا۔