شیخوپورہ شہر کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری
شیخوپورہ شہر کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری
شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر عارف خان سندھیلہ ایم پی اے کی اپیل پر شیخوپورہ شہر کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری دے دی ہے جس میں سب سے نمایاں ہاﺅسنگ کالونی میں ٹراما سنٹرکی منظوری اور ہاﺅسنگ کالونی محلہ غریب آباد گھنگ روڈ برج والا روڈ اور آبادیوں میں مکمل سیوریج سسٹم بچھانے، پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ ریلوے لائن گرین بیلٹ اور محلہ رحمن پورہ سیم نالے کو دونوں اطراف سے پختہ کرنے کے منصوبہ جات شامل ہیں۔ اس بات کا انکشاف عارف خان سندھیلہ ایم پی اے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاﺅسنگ کالونی میں 40 سال سے ٹراما سنٹر کیلئے جگہ موجود تھی مگر آج تک وہاں ٹراما سنٹر نہیں بنایا گیا۔ نوائے وقت کی نشاندہی پر اس معاملے کو وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے نوٹس میں لایا گیا تو انہوں نے فوری طور پر ٹراما سنٹر کی منظوری دی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبہ جات کا تخمینہ لگایا جائے تاکہ فنڈ جاری کیے جا سکیں۔ عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ ہاﺅسنگ کالونی، گھنگ روڈ اور محلہ غریب آباد کا سیوریج سسٹم تباہ ہو چکا ہے کیونکہ ان علاقوں میں کئی نئی کالونیاں بھی بن گئی ہیں جن میں سیوریج سسٹم نہیں ہے ہاﺅسنگ کالونی میں اکثر سیوریج سسٹم بند پڑا ہے اور گندا پانی گلیوں اور لوگوں کی دکانوں میں داخل ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے لائن کے دونوں اطراف گرین بیلٹ سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور آلودگی کا خاتمہ ہو گا۔