• news

مہنگائی کے خاتمے کیلئے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جائے: علی سلیمان

مہنگائی کے خاتمے کیلئے ملکی معیشت کو مستحکم کیا جائے: علی سلیمان

بھکھی (نامہ نگار) ایم پی اے علی سلیمان نے کہا ہے کہ ملک میں بیروزگاری، مہنگائی اور بجلی بحران کے خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مستحکم کیا جائے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کا بہتر ماحول مہیا کیا جائے۔ حکومت جلد طالبان سے امن کیلئے مذاکرات کرے، دیر کرنے سے طالبان کا نہیں پاکستان کا نقصان ہو رہا ہے۔ اگر طالبان مذاکرات کی ٹیبل پر نہیں آنا چاہتے تو طاقت کا بھرپور استعمال کر کے ان کا قلع قمع کیا جائے۔ حکمرانوں کی گومگو کی پالیسی سے پاک فوج کے جوان اور بے گناہ شہری خودکش حملوں میں شہید ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ علی سلیمان نے کہا کہ جب بھی کسی غیر ملکی سرمایہ کار سے بات کی جاتی ہے تو وہ پاکستان آنے سے گھبراتا ہے اور بات کرنے کیلئے دبئی، انگلینڈ آنے کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں پوری قوم نے نواز شریف کو طالبان سے مذاکرات کا یک نکاتی ایجنڈا دیا تھا مگر حکمرانوں کی نااہلی کے باعث آج تک طالبان سے مذاکرات نہیں ہو سکے۔ دوسری طرف بھارت بھی اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کنٹرول لائن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے تاکہ فوج کو کمزور کیا جا سکے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ ہو ش کے ناخن لیں۔

ای پیپر-دی نیشن