• news

عوام کو جدید بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے قومی جذبے سے کام کیا جائے: کمشنر

عوام کو جدید بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے قومی جذبے سے کام کیا جائے: کمشنر

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)کمشنر گوجر انوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز‘ ترقیاتی محکموں کے حکام اورٹی ایم اوز کو ہدایت کی ہے کہ وزیر اعلی پنجاب کی مقرر کردہ ترجیحات کے مطابق عوام کو جانفشانی‘ قومی لگن اور دیانتداری سے معیاری وجدید سہولتیں بہم پہنچائیں۔ انہو ں نے اس امر پر زوردیا کہ دور حاضر کے تقاضوں کے پیش نظر ہر افسرکومتحرک کردار ادا کرنا ہو گا۔ وہ اپنے دفتر میں تمام ڈی سی او ز ‘ افسران سے ترقیاتی منصوبوں‘ وزیراعلی کی ترجیحات پر عملدرآمد‘ پولیو و ڈینگی پر کنٹرول‘ بجلی و گیس چوری کی روک تھام‘ گوجرانوالہ ‘ گجرات اور سیالکو ٹ کے میڈیکل کالجوں میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت‘ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے قیام‘ کمپیوٹرائزیشن آف لینڈ ریکارڈ ‘ حکومتی واجبات کی وصولی اور سکولوں میں داخلہ کی صورتحا ل پر بریفنگ لے رہے تھے۔ اجلاس میں ڈی سی او گوجرانوالہ عظمت محمود ‘ ایڈ یشنل کمشنر خالد نذیر‘ تمام اضلاع کے ڈی سی او ز‘ اسسٹنٹ کمشنر جنرل رانا منظور حسین‘ ہائی ویز‘ بلڈنگ ‘پبلک ہیلتھ ‘ لوکل گورنمنٹ‘ جی ڈی اے‘ واسا و دیگر محکموں کے افسران شریک تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ عوام کوجدید زندگی کی بنیادی سہولتیں دینے کے لئے تمام ڈی سی اوز کو اپنے ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کی ہر سائیٹ کاخود معائنہ کرناہوگا اور لوگوں کی ضرورتوںپر نظر رکھتے ہو ئے ترجیحات طے کرنا ہوںگی ۔

ای پیپر-دی نیشن