• news

غازی قتل کیس: ہارون الرشید نے مشرف کیخلاف دستاویزی ثبوت پولیس کو دیدئیے

غازی قتل کیس: ہارون الرشید نے مشرف کیخلاف دستاویزی ثبوت پولیس کو دیدئیے

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ثنا نیوز) ہارون الرشید نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف دستاویزی ثبوت بھی پولیس کو فراہم کردئیے۔ ترجمان لال مسجد کے مطابق سابق وزیر مملکت طارق عظیم، سابق سیکرٹری داخلہ کمال شاہ، سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری بھی ملزمان نامزد کئے گئے ہیں جبکہ سابق چیف کمشنر اسلام آباد خالد پرویز، سابق ڈی سی چودھری محمد علی، 4 سابق اسسٹنٹ کمشنرز بھی ملزمان نامزد کئے گئے ہیں۔ لال مسجد کے سابق نائب خطیب عبدالرشید غازی کے قتل کیس میں انکے بیٹے ہارون رشید نے تھانہ آبپارہ میں بیان قلمبند کرا دیا۔ ترجمان لال مسجد کے مطابق ہارون رشید نے سابق وزیراعظم شوکت عزیز، آفتاب احمد خان شیرپاﺅ، خورشید قصوری، سابق چیئرمین سی ڈی اے کامران لاشاری، طارق عظیم، کمال شاہ، سابق چیف کمشنر خالد پرویز اور سابق ڈی سی چودھری محمد علی کو بھی کیس میں نامزد کیا ہے۔ ثنا نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس ریاض احمد نے غازی عبدالرشید قتل کیس کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل طارق اسد ایڈووکیٹ نے کہا جسٹس نور الحق قریشی مقدمے اور لال مسجد کمشن رپورٹ سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا بھی حکم دیا۔ طارق اسد ایڈووکیٹ نے استدعا کی یہ کیس جسٹس نور الحق قریشی کے بینچ میں بھیجا جائے۔ قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کے وکیل کی استدعا منظور کر لی۔ جسٹس نور الحق قریشی کی فریضہ حج کی ادائیگی سے واپسی کے بعد مقدمے کی سماعت کی تاریخ مقرر کی جائیگی۔
غازی قتل کیس

ای پیپر-دی نیشن