بلدیاتی انتخابات 7 دسمبر کو کرا دیئے جائیں‘ پنجاب حکومت کی الیکشن کمشن کو درخواست
بلدیاتی انتخابات 7 دسمبر کو کرا دیئے جائیں‘ پنجاب حکومت کی الیکشن کمشن کو درخواست
لاہور (خصوصی رپورٹر) حکومت پنجاب نے 7 دسمبر کو صوبے میں بلدیاتی انتخابات کرانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور الیکشن کمشن سے درخواست کی ہے کہ 7 دسمبر کوبلدیاتی انتخابات کرا دئیے جائیں۔ صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناءاللہ خان نے الیکشن کمشن کو اس حوالے سے چٹھی بھیج دی ہے جس میں یہ اطلاع دی گئی ہے کہ پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن کرانے کے انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ خیبر پی کے میں پاکستان تحریک انصاف نے ابھی تک قانون سازی تک نہیں کی اور پنجاب حکومت نے قانون سازی بھی کر لی اور الیکشن کرانے کی تاریخ دے دی ہے۔ الیکشن کمشن کو 7 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کے لئے تحریری درخواست دے دی ہے۔ پی ٹی آئی نے جتنے دعوے کئے تھے وہ سب جذباتی تھے۔ اس نے خیبر پی کے میں 6 ماہ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا دعویٰ کیا تھا مگر قانون سازی ابھی تک نہیں کر سکی۔ اے این این کے مطابق حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔ الیکشن کمشن کو بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں یونین کونسلوں کے علاوہ 181 میونسپل کمیٹیاں، 35 سٹی کونسلز، 10 کارپوریشنز اور ایک میٹروپولیٹن کارپوریشن تشکیل دی گئی ہے۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ حلقہ بندیوں کے حوالے سے تاریخ میں توسیع نہیں ہو گی۔ لاہور سے سپیشل رپورٹر کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میںصوبائی وزارت بلدیات کی جانب سے الیکشن کمشن کو ارسال کئے گئے مراسلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ میں حکمران جماعت سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ترجیحی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ اس ضمن میں حکومت پنجاب محرم الحرام کے اختتام پر 7 دسمبر بلدیاتی انتخابات کرانے کا عہد کئے ہوئے ہے۔ پنجاب بھر میں نئی حلقہ بندیوں کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔ باقیماندہ انتطامات کوبھی بر وقت اور یقینی بنایا جائیگا لہٰذا اب پنجاب میں 7 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کروانے کے حوالے سے الیکشن کمشن مجاز ہے۔
پنجاب حکومت / بلدیاتی الیکشن