اوگرا کرپشن کیس: 4 نومبر تک چالان طلب، توقیر صادق نے سزا چیلنج کردی
اوگرا کرپشن کیس: 4 نومبر تک چالان طلب، توقیر صادق نے سزا چیلنج کردی
اسلام آباد (نامہ نگار + ایجنسیاں) احتساب عدالت نے اوگرا کرپشن کیس میں نیب کو آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 4 نومبر تک ملتوی کردی۔ اوگرا کرپشن کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر مقدمہ کا چالان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ کیس کے تفتیشی افسر وقاص خان نے موقف اختیار کیا اوگرا کرپشن سکینڈل میں کچھ رپورٹس تصدیق کیلئے ماہرین کو بھجوائی گئی ہیں۔ رپورٹس کے آنے کے بعد چالان مرتب کیا جائیگا۔ چالان کیلئے چیئرمین نیب کی منظوری بھی ضروری ہے۔ تفتیشی نے مزید کہا حتمی چالان کیلئے تین چار ہفتے کا وقت درکار ہے۔ واضح رہے حتمی چالان میں اعلیٰ سرکاری و سیاسی، اہم کاروباری شخصیات کے نام بھی ملزمان کی فہرست میں شامل کئے جائیں گے۔ دریں اثناءاوگرا کرپشن سکینڈل کے مرکزی ملزم توقیر صادق نے غیر حاضری پر تین سال کی سزا کیخلاف درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا نیب نے عدالت سے جھوٹ اور غلط بیانی کرکے انہیں سزا دلوائی۔ فاضل عدالت نے نیب سے جواب طلب کرتے ہوئے درخواست کی سماعت ملتوی کردی۔ آئی این پی، آن لائن کے مطابق احتساب عدالت نے نیب کو اوگرا کرپشن کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کے خلاف جلد ریفرنس دائر کرنے کا حکم دےدیا۔ مزید براں عدالت نے ملز م کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔ ملزم توقیر صادق کو انتہائی سخت سکیورٹی میں عدالت لایا گیا۔ ملزم نے عدالت سے استدعا کی اسے انکوائری اور تحقیقاتی رپورٹ کی کاپیاں فراہم کی جائیں جس پر عدالت نے ملزم کو کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔آئی این پی کے مطابق عدالت کے حکم پر اوگرا کرپشن سکینڈل کے مرکزی ملزم توقیر صادق کے ایک ہاتھ سے ہتھکڑی کھول دی گئی۔ گزشتہ روز ملزم جب کمرہ عدالت لایا گیا تو انہوں نے جج محمد بشیر سے کہا عدالت نے صرف ایک ہاتھ میں ہتھکڑی لگانے کا حکم دیا تھا مگر عدالتی حکم کے باوجود پولیس نے میرے دونوں ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگائی ہیں جس پر عدالت نے ایک ہاتھ سے ہتھکڑی کھولنے کا حکم دیا۔ پولیس نے کمرہ عدالت میں ہی توقیر صادق کے ایک ہاتھ سے ہتھکڑی کھول دی۔
اوگرا کرپشن کیس