• news
  • image

پرویز مشرف پھڑپھڑا کر اڑ جائیں گے وقت کا تعین کیا جا رہا ہے: خورشید شاہ

پرویز مشرف پھڑپھڑا کر اڑ جائیں گے وقت کا تعین کیا جا رہا ہے: خورشید شاہ

اسلام آباد (اے این این + نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکہ کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں تاہم اپوزیشن کو اعتماد میں لینے کی روایت برقرار رہتی تو اچھے نتائج برآمد ہوتے۔ پاکستان کو امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنی چاہئے، طالبان کو دفتر کھولنے کی اجازت دینے کے بیانات سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے، دہشت گردی کے خلاف کسی بھی کارروائی میں حکومت کا ساتھ دینگے، آصف زرداری کے خلاف سوئس مقدمات کھولے گئے تو دفاع کرینگے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ وزیراعظم کوئی نتیجہ لیکر آئیں گے۔ ہمیں دنیا کے ساتھ چلنا ہے لیکن غلامی کی زنجیریں نہیں پہننی۔ پاکستان کو امریکہ سمیت دنیا کے ساتھ تعلقات بڑھاتے وقت اپنی قومی سلامتی کو مدنظر رکھنا ہوگا، ہمیں چین کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے پر توجہ دینی چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں طالبان سے مذاکرات کا اختیار حکومت کو دیدیا ہے لیکن اب طالبان کہہ رہے ہیں کہ ان کی شریعت پر بات کی جائے۔ طالبان نے ابھی تک مذاکرات کی پیشکش کا مثبت جواب نہیں دیا۔ انہوں نے ڈیرہ مراد جمالی میں جعفر ایکسپریس میں دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم جانوں سے کھیلنے والے دہشت گرد سنگین جرم کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ ہم دہشت گردی کے خلاف کسی بھی کارروائی میں حکومت کا ساتھ دیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے سیاست میں اچھا آغاز کیا ہے اب تمام سیاستدان انکے بیانات پر بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کی نجکاری کسی مسئلے کا حل نہیں ہے حکومت پی آئی اے اور سٹیل ملز کو فروخت کرنے کی بجائے ٹھیک کرے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق صدر پوزی مشرف پھڑپھڑا کر اڑ جائیں گے بس اڑانے کا وقت متعین کیا جا رہا ہے۔
خورشید شاہ

epaper

ای پیپر-دی نیشن