بھارت نے متنازعہ کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دینے کا شور مچا رکھا ہے: حافظ سعید
لاہور(خصوصی نامہ نگار) امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ بھارت نے اپنی 8 لاکھ فوج زبردستی کشمیر پر مسلط کر رکھی ہے۔ بھارت سرکار نے اٹوٹ انگ کی رٹ نہ چھوڑی تو کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے نتیجہ میں اسکا انگ انگ ٹوٹ جائے گا۔ مسئلہ کشمیر پر کسی قسم کی بات چیت کو بھارتی وزیر خارجہ کی طرف سے وقت کا ضیاع قرار دینے سے ایک بار پھر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ بھارت کشمیر میں ریاستی دہشت گردی بند کرنے کے لئے کسی صورت تیار نہیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو کھل کر دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں اور متنازعہ کشمیر کو اٹوٹ انگ کہنے کا شور مچا رکھا ہے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے 18 کروڑ عوام ایک ہی موقف پر متحد ہیں کہ کشمیر پاکستان کا حصہ ہے۔ کشمیری پاکستان کی سب سے پہلی دفاعی لائن کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور آج بھی سری نگر میں لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی میں پاکستان زندہ باد کے نعرے گونجتے ہیں اور پاکستان کا پرچم لہرایا جاتاہے۔ بھارت نے پچھلے گیارہ برسوں میں اس خطہ میں امریکہ کی موجودگی سے بہت فائدے اٹھائے۔ افغانستان میں بیٹھ کر ٹریننگ سنٹروں میں تربیت دیکر دہشت گردوں کو پاکستان میں داخل کرتا رہا، بلوچستان میں علیحدگی کی تحریکیں چلائی گئیں، کراچی، سندھ اور خیبر پی کے میں بدترین تخریب کاری و دہشت گردی کی گئی۔ پاکستان کے خلاف اسکی سازشیں انشاء اللہ کامیاب نہیں ہوں گی۔