• news

نیب پراسیکیوشن ونگ کو فعال اور متحرک کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد( رستم اعجاز ستی /نامہ نگار) نیب نے پراسیکیوشن ونگ کا ڈھانچہ بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، چیئرمین نیب کی جانب سے پراسیکیوشن ونگ ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبیلٹی( پی جی اے) کو بریفنگ کیلئے طلب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بہت جلد پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی چیئرمین نیب کو بریفنگ دیں گے، پراسیکیوٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا، پراسیکیوٹرز کو در پیش مسائل حل کرنے کے بعد انکی کارکردگی جانچنے کا پیمانہ وضع کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق نیب پراسیکیوٹرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ نیب کی جانب سے268نئے تفتیشی افسران کا حال ہی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح نوجوان پراسیکیوٹرز کو بھی نیب کا حصہ بنایا جائیگا اور انکو بہترین تربیت فراہم کی جائیگی۔ نیب ذرائع کے مطابق یہ شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ نیب پراسیکیوشن ونگ سست روی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ سابق صدر زرداری کیخلاف پانچ ریفرنسرز میں بھی نیب کا کوئی پراسیکوٹرز پیش نہیں ہوا جسکا چیئرمین نیب کی جانب سے فوری نوٹس لیا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن