واپسی کی کشتیاں جلا ڈالی حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے ۔ علی گیلانی
سرینگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس(گ) کے چیرمین سید علی گیلانی نے پلہالن پٹن میں مسلسل کرفیو نافذ رکھنے اور تحریک حریت لیڈروں کو گرفتار کرنے کی مہم پر گہری تشویش اور فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پلہالن کو 2010ء سے مسلح فورسز کی طرف سے مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ ہماری تنظیم کے کارکنوں کے خلاف ایک نہ تھمنے والا کریک ڈاون جاری ہے۔بھارتی فوج اور ٹاسک فورس اہلکاروں نے پلہالن کی بستی کو ایک ریاستی کیمپ میں تبدیل کرلیا ہے اور یہ سلسلہ پچھلے پانچ سال سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔ آزادی پسند راہنما نے کہا کہ حکومت کی عوام کشی پالیسی سے گٹھن کا ماحول پیدا ہوگیا ہے اور یہ صورتحال نتائج کے اعتبار سے انتہائی تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے واپسی کی کشتیاں جلا ڈالی ہیں اور حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ حکومت پولیٹیکل سپیس نہ دے کر ایک خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔