روس ۔ خاتون خودکش بمبار کے حملے میں 6 افراد ہلاک بچے سمیت 33 سے زائد زخمی
ماسکو (اے پی اے‘ رائٹرز) روس کے جنوبی علاقے میں خاتون خودکش بمبار کے حملے میں 6 افراد ہلاک اور بچے سمیت 33 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے 8 کی حالت نازک ہے۔ روسی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ ولگوگراد شہر میں دوپہر کے وقت ہوا جب ایک مبینہ خودکش بمبار خاتون 30 سالہ فائدہ الیوولووا نے طالبعلموں سے بھری بس کے قریب خود کو اڑا لیا۔ پولیس نے حملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ پولیس نے مبینہ خودکش بمبار کی شناختی دستاویزات بھی حاصل کر لی ہیں جس کے مطابق خاتون قفقاز میں حکومت کے خلاف لڑنے والے مجاہد کمانڈر کی بیوی ہے۔ روسی خبررساں ادارے نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون نے حال ہی میں اسلام قبول کیا تھا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل 2010ء میں 2 خودکش بمبار خواتین نے ماسکو میٹرو سٹیشنز پر خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 35 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ یاد رہے 3 برس میں اس علاقے میں یہ بڑا حملہ ہے۔