شکر گڑھ سیکٹر پر بلااشتعال بھارتی فائرنگ تشویشناک ہے: احسن اقبال
شکرگڑھ (نامہ نگار)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال ایم این اے نے کہا ہے کہ شکرگڑھ سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا جواز بلااشتعال فائرنگ گولہ باری افسوسناک اور تشویش ناک اقدام ہے پاکستان جنگ بندی پر سختی سے کاربند ہے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدہ پر عملدرآمد سے ہی خطے میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنا سکتا ہے۔ وزیراعظم میاں نواز شریف اپنے دورے میں امریکی حکام کے ساتھ دوطرفہ تجارت سرمایہ کاری علاقائی معاملات پر بات چیت کریں گے۔ پاکستان امریکہ سمیت دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ افغانستان سمیت علاقائی صورتحال پر بھی بات ہو گی ملک کی خودمختاری کے لئے معاشی استحکام لازمی ہے۔ انہوں نے ریونیو آفیسر شکرگڑھ چوہدری جمیل گورسی کے صاحبزادے اور مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے ضلعی جنرل سیکرٹری ناصر جمیل گورسی ایڈووکیٹ کے بھائی ڈاکٹر عاصم گورسی کی دعوت ولیمہ کی تقریب میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔