ایف بی آر بتائے سی این جی سٹیشن کتنا ٹیکس دے رہے ہیں: چیف جسٹس
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے سی این جی لائسنس کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا ہے کہ ایف بی آر بتائے سی این جی سٹیشنز کتنا ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔ ڈی جی ایف آئی اے غیرقانونی لائسنس کے اجرا سے متعلق رپورٹ پیش کریں۔ چیئرمین اوگرا نے بتایا کہ غیرقانونی طور پر منظور شدہ لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا، ملک بھر میں تین ہزار 495سی این جی سٹیشنز ہیں۔ گوجرانوالہ کے دس کلو میٹر کے فاصلے میں 23سی این جی سٹیشنز ہیں مزید لائسنس کے اجرا پر پابندی لگانے کیلئے حکومت کو لکھا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے فرٹیلائزر سمیت کس کس شعبہ کو رعایتی نرخ پر گیس مل رہی ہے۔ رعایتی نرخوں پر گیس لینے والوں کی درجہ بندی سے متعلق رپورٹ فراہم کی جائے، کیس کی مزید سماعت 6نومبر کو ہو گی۔