بھارت روس سے 25لاکھ ٹن ایل این جی درآمد کریگا،کئی معاہدوں پر دستخط
ماسکو/نئی دہلی(آن لائن)بھارتی وزیر اعظم منموہن سنگھ کی ماسکو میں روسی صدر ولا دی میر پیوٹن سے ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط بھی کئے گئے۔ اس موقع پر بھارت اور روس کے درمیان ہونے والے معاہدوں میں ایل این جی کو پائپ لائنوں کے ذریعے بھارت پہنچانے کا سمجھوتہ بھی شامل ہے۔ بھارت کی سیکرٹری خارجہ سجاتا سنگھ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان 20 سال تک 25 لاکھ ٹن ایل این جی کی سالانہ فراہمی کا معاہدہ طے پایا ہے۔دوسری جانب بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ روس سے جوہری تعاون کے سمجھوتے پر دستخط نہیں کر سکے جس پر بھارتی میڈیا ان پر شدید تنقید کر رہا ہے اور ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ لگتا ہے کہ بھارت کے روس سے ماضی جیسے تعلقات نہیں رہے۔اے پی پی کے مطابق منموہن سنگھ تین روزہ سرکاری دورہ پر چین پہنچ گئے۔ وہ آج بدھ کو اپنے چینی ہم منصب لی چی کیانگ سے ملاقات کریںگے۔ دونوں رہنما سرحدی کشیدگی کم کرنے کے معاہدے پر دستخط کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کی خاتون ترجمان ہوا چن ینگ نے اخبار نویسوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان متعدد سمجھوتوں پر دستخط متوقع ہیں۔ خاتون ترجمان نے کہا کہ 1954ءکے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ملکوں کے سربراہان مملکت نے حکومتی مدت کے دوران سرکاری دورے مکمل کئے۔