• news
  • image

سیالکوٹ سیکٹر : بھارتی فوج کی نویں روز بھی گولہ باری‘ مسلسل فائرنگ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے : پاکستان

سیالکوٹ سیکٹر : بھارتی فوج کی نویں روز بھی گولہ باری‘ مسلسل فائرنگ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے : پاکستان

سیالکوٹ + پسرور + اسلام آباد + نئی دہلی (نامہ نگاران + سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) سیالکوٹ ورکنگ باﺅنڈری لائن پر مسلسل نویں روز بھی بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی جس کی وجہ سے پاکستانی سرحدی دیہات میں مکانوں کو نقصان پہنچا اور متعدد مویشی ہلاک و زخمی ہو گئے، لوگ خوف کی وجہ سے محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔ بھارتی سکیورٹی فورسز نے بجوات، چپراڑ، سچیت گڑھ، چاروا اور باجڑہ گڑھی سیکٹروں پر پاکستانی فوجی چوکیوں کو نشانہ بنایا اور عمرانوالی، انولہ، جوئیاں، ہرپال، لونی، چپراڑ سمیت درجنوں پاکستانی سرحدی دیہات پر بھی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی۔ سچیت گڑھ سیکٹر پر بھارتی سکیورٹی فورسز نے رات گئے تک اپنی چیک پوسٹوں رتن شاپ اور کروٹانہ سے پاکستانی لبیک اور ملانہ پوسٹوں اور دیہات پر ساڑھے تین گھنٹے کی بلااشتعال فائرنگ کے دوران ڈیڑھ ہزار سے زائد گولیاں چلائیں جبکہ سات سو سے زائد مارٹر گولے بھی برسائے۔ چاروا اور چپراڑ سیکٹروں پر بھی بھارتی فوج کے گولے پاکستانی دیہات میں رہائشی مکانوں پر گرے ہیں۔ چناب رینجرز نے بھارتی فوج کی فائرنگ و گولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پسرور کے دیہات چاروا، گنڈیالہ اور دھمالہ میں شدید گولہ باری کی وجہ سے متعدد مویشی ہلاک اور 5 مکان تباہ ہو گئے جبکہ ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران بھارت نے خلاف ورزیوں میں اضافہ کرتے ہوئے ورکنگ باﺅنڈری پر متعدد مقامات پر 27 پاکستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا ہے۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس نے سیالکوٹ کے پکھلیاں، چھپر، ہڑپال اور چرواہ سیکٹروں میں پاکستانی چوکیوں کے علاوہ شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا۔ بھارت کی طرف سے مارٹر کے چار ہزار گولے اور مشین گن کی 59 ہزار گولیاں فائر کی گئیں۔ پاکستان کی طرف سے بھارتی اشتعال انگیزی کا مو¿ثر جواب دیا گیا ہے۔ بھارتی جارحیت کے سبب پاکستان کے دو شہری اور رینجرز کا ایک جوان شہید ہوگئے ہیں۔ کنٹرول لائن اور ورکنگ باﺅنڈری پر 26 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر مسلسل خلاف ورزی پر پاکستان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز نے ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے مناسب انداز میں جواب دیا ہے۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر پاکستانی فورسز کی فائرنگ سے ایک فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے جبکہ پاکستان نے بھارتی فوج کے الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے ترجمان ونود یادیو نے دعویٰ کیا کہ پاک فوج نے کم از کم 50 بھارتی پوسٹوں پر شدید فائرنگ اور گولہ باری کی۔ گزشتہ ایک دہائی میں یہ بدترین صورتحال ہے۔ آرنیا پوسٹ پر گولہ گرنے سے ایک بھارتی فوجی ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔
بھارتی فائرنگ

epaper

ای پیپر-دی نیشن