پاکستان سٹیل ملز بدترین بحران کا شکار، پیداواری عمل معطل
پاکستان سٹیل ملز بدترین بحران کا شکار، پیداواری عمل معطل
کراچی (اے پی اے + نوائے وقت نیوز) پاکستان سٹیل مل بدترین مالی بحران کا شکار ہے۔ خام مال ختم ہونے کے باعث پیداواری عمل معطل ہوگیا۔ سترہ ہزار ملازمین دو ماہ کی تنخواہوں سے بھی محروم ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان سٹیل کے پاس بیس ہزار ٹن کوئلہ کے ٹینڈر کی ایل سی کھولنے کیلئے 30 کروڑ روپے سے زائد رقم نہ ہونے کے باعث ایک ماہ سے بھی زائد عرصہ سے کوئلہ کی سپلائی معطل ہے۔ کوئلہ کے علاوہ مختلف اقسام کا خام مال بھی ختم ہوچکا ہے اور پیداواری عمل مکمل طور پر معطل ہے۔ بلاسٹ فرنس اور بیٹریز کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے پری ہیٹنگ پر چلایا جارہا ہے۔ پاکستان سٹیل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 2 فیصد سے زائد پیداوار اب بھی ہورہی ہے۔ علاوہ ازیں وزارت خزانہ ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز کیلئے مزید 70 کروڑ روپے تنخواہوں اور ضروری اخراجات کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ پاکستان سٹیل کو اس سے پہلے ایک ارب 20 کروڑ روپے جاری ہوئے تھے۔