برطانیہ نے اقتصادی اصلاحات، جی ڈی پی شرح بڑھانے میں تعاون کی پیشکش کردی
برطانیہ نے اقتصادی اصلاحات، جی ڈی پی شرح بڑھانے میں تعاون کی پیشکش کردی
اسلام آباد (اے پی پی) برطانیہ نے پاکستان کو اقتصادی اصلاحات اورجی ڈی پی میں ٹیکس کی شرح بڑھانے کی کوششوں میں معاونت فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔ برطانوی امداد کیلئے پاکستان اور برطانیہ کے وفود کے مابین مذاکرات جمعہ کو اسلام آباد میں ہوئے۔ پاکستانی وفد کی قیادت اقتصادی امور ڈویژن کی وفاقی سیکرٹری نرگس سیٹھی جبکہ برطانوی وفد کی قیادت برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی ڈی ایف آئی ڈی کے پاکستان میں سربراہ رچرڈ منٹگمری کررہے تھے۔ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کے لئے امداد پر مذاکرات میں تخفیف غربت اور ملینیم ترقیاتی اہداف کے حوالے سے پیشرفت ،پبلک فنانشل مینجمنٹ میں بہتری، بین الاقوامی ذمہ داریوں اور امداد کے موثر ہونے کا جائزہ لیا گیا۔ بات چیت کے عمل میں فریقین نے ایک دوسرے کو اپنی اپنی سٹرٹیجک ترجیحات سے آگاہ کیا اور برطانوی معاونت سے شروع کئے گئے پنجاب ایجوکیشن سپورٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری نرگس سیٹھی نے برطانوی وفد کو بتایا کہ موجودہ حکومت کی بڑی واضح ترقیاتی ترجیحات ہیں جو ویژن 2025 ءاور پانچ سالہ ترقیاتی منصوبہ میں شامل کی گئی ہیں۔ حکومت کی حکمت عملی ملکی معیشت کی بحالی کے لئے ہے جس سے روزگار کے مواقع پیداہوں گے اور غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔توانائی کے شعبہ میں اصلاحات اسی سلسلہ کی کڑی ہیں۔ انتہا پسندی کا خاتمہ اور تعلیم کا فروغ حکومتی حکمت عملی کی بنیاد ہیں۔ اس موقع پر رچرڈ منٹگمری نے حکومت پاکستان کے اقتصادی اصلاحات سے متعلق اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کیلئے امداد کو موجودہ حکومت کی ترجیحات سے ہم آہنگ کرے گا۔
برطانیہ پیشکش