ارجنٹائن کی پاکستان کو پن بجلی اور دیگر شعبوں میں تعاون کی پیشکش
ارجنٹائن کی پاکستان کو پن بجلی اور دیگر شعبوں میں تعاون کی پیشکش
اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر روڈولفومارتن ساراویا نے پاکستان کو توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے پن بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ارجنٹائن پاکستان میں ساٹھ ہزار میگاواٹ سے زائد پن بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو بروئے کارلانے کی کوشش میں معاونت کرے گا۔ پاکستان میں گوشت برآمد کرنے کے صلاحیت بھی بے پناہ ہے اور ارجنٹائن گوشت کی پراسسنگ میں بہتر ی لا کر اس کی برآمدات بڑھانے میں تعاون کر سکتا ہے۔ ایک انٹرویو میں ارجنٹائن کے سفیر نے مزید کہا کہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی بے پناہ صلاحیت کو استعمال میں لانے کیلئے حکومتی اور نجی شعبے کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے اس سلسلے میں خاص کر ٹیکسٹائل، ادویات، زراعت اور کھیل کے شعبوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آسمان ہی اس تعاون کی حد ہے۔ پاکستان کو امریکہ، برطانیہ اور ایشائی ممالک کی طر ح ارجنٹائن اور لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے پر توجہ دینی چاہیے۔ پاکستان ان کے ملک کو لاطینی امریکہ کے ممالک کے ساتھ تجارتی اور معاشی تعاون بڑھانے کیلئے مرکز بنا سکتاہے۔ اسی طرح پاکستان ارجنٹائن کے تعاون سے اپنی دوا ساز صنعت کو بہتر بنا کر ہپٹائٹس اور دیگر بیماریوں کی ادویات اس خطے کے ممالک کو برآمد کر سکتا ہے۔ اوڈولفومارتن ساراویا نے دونوں ملکوں کے نجی شعبے کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کیلئے تجارتی اور چمبر آف کامرس اور انڈسٹری کے وفود کا تبادلہ ضروری ہے۔ ارجنٹائن کی پارلیمنٹ کے سپیکر آئندہ دوماہ میں جبکہ وزیر خارجہ آئندہ سال کے شروع میں پاکستان کا دورہ کریں گے جس سے درمیان تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔ ملک میں کھیلوں کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت ہے اور فٹ بال اور دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے وہ اپنے کوچز پاکستان بھیج سکتے ہیں۔
ارجنٹائن/ پیشکش