• news

مصباح الحق کی شکایت پر 2 شائقین کو سٹیڈیم سے نکال دیا گیا

 لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی شکایت پر دبئی ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سٹیڈیم سے دو شائقین کو میدان سے نکال دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق سٹیڈیم کے سکیورٹی اہلکاروں نے دو پاکستانی تارکین وطن کو سٹیڈیم سے اس وقت نکالا جب وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو مبینہ طور پر برا بھلا کہہ رہے تھے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کا کھیل کھانے کے وقفے کے لئے طے شدہ وقت سے پانچ منٹ پہلے روک دیا گیا تھا۔ کھیل اس وقت روکا گیا جب پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے امپائرز راڈ ٹکر اور ایئن گوڈ کو شکایت کی کہ شائقین بدتمیزی کر رہے ہیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کی شکایت کے بعد سٹیڈیم کی سکیورٹی نے دو شائقین صدیق امین اور مشتاق امین کو سٹیڈیم سے باہر نکال دیا۔ دبئی سپورٹس سٹی کے ترجمان کے مطابق دونوں افراد آئی سی سی کے انسدادِ نسلی امتیاز کے کوڈ کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن