بلاک بسٹر فلم ”وار“ میں پاکستان کی بھارت سے نفرت کی وجہ کی عکاسی
اسلام آباد (رائٹرز) اس ماہ ریلیز ہونیوالی پاکستان کی بلاک بسٹر فلم ”وار“ میں پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدہ تعلقات کی عکاسی کی گئی ہے۔ 22 لاکھ ڈالر کے بھاری بجٹ کی اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ پاکستان بھارت سے نفرت کیوں کرتا ہے۔ پاکستانی فوج کے تعاون سے بنائی جانے والی اس فلم میں دکھایا گیا ہے کہ بھارت پاکستان میں عسکریت پسندوں کے ساتھ مل کر پاکستانی سکیورٹی فورسز کیخلاف کارروائیاں کرتا ہے۔ ایک منظر میں جب شدت پسند پاکستانی پولیس اکیڈمی پر حملہ کرکے 100 اہلکاروں کو مارنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو بھارتی جاسوس اور اس کے ساتھی اسلام آباد کے ایک فلیٹ میں اس کامیابی کو بھرپور طریقے سے منا رہے ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر بلال لاشاری نے بتایا کہ کسی بھی دوسری ایکشن فلم کی طرح ہم بھی اچھائی کی برائی پر فتح دکھانا چاہتے ہیں۔ اس فلم کی تیاری میں آرمی نے بھرپور تعاون کیا۔ ہیلی کاپٹروں اور پہاڑیوں پر مشتمل تمام مناظر فوج کے تعاون کے بغیر فلمائے نہیں جا سکتے تھے۔ فلم نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے 9 لاکھ ڈالر کا ریکارڈ بزنس کر لیا ہے۔