کارکردگی میں بہتری آئی ‘ ون ڈے سیریز میں قوم کو مایوس نہیں کریں گے: ناصر جمشید ‘ سرفراز احمد
لاہور (سپورٹس رپورٹر) ٹاپ آرڈر بلے بازناصر جمشید کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم میں مستقل اوپننگ جوڑی نہ بننے کا سبب پاکستان میںڈومیسٹک کرکٹ کی کمی ہے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے بلے باز کا کہنا تھا کہ نئے گیند کو کھیلنا مشکل کام ہے تاہم کوشش کریں گے کہ جنوبی افریقین باولرز کے اٹیک کو نشانہ بناکر مڈل آرڈربلے بازوں کو ریلیف دیں۔ انہوں نے دورہ زمبابوے کے بعد اکیڈمی میں سخت محنت کرکے اپنی غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے، امید ہے جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔ جنوبی افریقہ کےخلاف سیریز میں بہت ماضی کی نسبت بہتر کارکردگی دکھا¶ں گا۔ وکٹ کیپر سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ معین خان کے ٹیم منیجر بننے سے کھلاڑیوں کو فائدہ ہوا ہے۔ دبئی کی وکٹیں مشکل نہیں کبھی کبھار وکٹ خراب کھیل جاتی ہے، موقع ملا تو اپنی کارکردگی سے ٹیم کے لیے فائدہ مند ثابت ہونے کی کوشش کروں گا۔ دبئی ٹیسٹ کی وکٹ مشکل نہیں تاہم کبھی کبھار ایسا ہوتا ہے کہ وکٹ خراب کھیل جاتی ہے ۔معین خان اور راشد لطیف کے بعد کامران اکمل نے وکٹ کیپنگ میں کافی خدمات دی ہیں میں اور عدنان اکمل بھی اپنی پوری کوشش کررہے ہیں کہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم کی کامیابیوں کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم میں میرا اصل کام وکٹ کیپنگ ہے تاہم وہ بیٹنگ کو بہتر بنانے کے لئے بھی محنت کررہے ہیں۔