قائداعظم ٹرافی : سیالکوٹ نے لاہور ‘ نیشنل بنک نے پی آئی اے کو شکست دے دی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے پہلے مر حلے میں سیالکوٹ نے لاہور راوی کو ایک اننگز اور 52رنز سے جبکہ نیشنل بینک نے پی آئی اے کو ہرا دیا۔ایل سی سی اے گراﺅنڈ لاہور میںسیالکوٹ کی پہلی اننگز کے سکور 382رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 110رنز پر آﺅٹ ہونے کے بعد دوسری اننگز میں لاہور راوی کی پوری ٹیم 220رنز بناکر آﺅٹ ہو گئی۔ عدنان دانش 60، ذیشان علی 50 اور آصف اشفاق 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔ لاہور راوی کی دوسری اننگز میں سیالکوٹ کی طرف سے نبیل ملک نے چار اور منصور اجمد نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ لاہور شالیمار کو کراچی وائٹس کے ہاتھوں اننگ کی شکست کی خفت سے بچنے کے لئے مزید 48رنز درکار ہیں اور اس کی تین وکٹیں باقی ہیں۔ میچ کے تیسرے روز لاہور شالیمار کی ٹیم کر اچی وائٹس کی پہلی اننگ کے سکور 430رنز کے جواب میں لاہور شالیمار کی پوری ٹیم 270رنز بنا کر فالو آن کا شکار ہو گئی۔ جنید علی 49 رنز بناکر نمایاں رہے۔ کر اچی وائٹس کی طرف سے فہیم احمد سینئر اور زشہزاد احمد نے تین تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ فالوآن کے بعد دوسری اننگ میں بھی لاہور شالیمار کے بلے باز کسی خاطرخواہ کارکردگی کا مظاہرہ کر نے میںناکام ہو گئے اور تیسرے روز کے اختتام تک سات وکٹوں کے نقصان پر 112رنز بنائے تھے اور ان کو اننگ کی شکست سے بچنے کے لئے ابھی مزید 48رنز درکار ہیں۔ دوسری اننگ میں وقاص سلیم 32 اور عمر صدیق 25رنز بناکر نمایاں رہے۔ کراچی وائٹس کی طرف سے فہیم احمد سینئر نے 22 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔ نیشنل بنک نے پی آئی اے کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ نیشنل بنک نے پہلی اننگز میں 278 رنز جبکہ دوسری میں 76 رنز کا ہدف 3 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ پی آئی اے کی ٹیم پہلی اننگز میں 135 اور دوسری میں 218 رنز بنا سکی۔