• news

سعد رفیق کی چیئرمین نیب سے ملاقات، ریلوے کے کرپشن کیسز نمٹانے کیلئے تعاون پر اتفاق

اسلام آباد+لاہور (نامہ نگار+سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے نیب ہیڈ کوارٹر میں چیئرمین نیب قمر زمان چودھری سے ملاقات کی جس میں نیب میں زیرالتوا پاکستان ریلوے کے 12 کے قریب کیسز جن میں چار بڑے کرپشن کیسز شامل ہیں، کو جلد نمٹانے کیلئے قریبی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر ریلوے کے ہمراہ سیکرٹری اور پاکستان ریلوے کے اعلیٰ افسران موجود تھے جبکہ نیب کے سینئر افسران بھی موجود تھے جنہوں نے نیب میں زیرالتوا ریلوے کے کرپشن کیسز سے متعلق چیئرمین نیب کی معاونت کی۔ اس موقع پر وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے چیئرمین نیب سے مطالبہ کیا کہ پاکستان ریلویز میں ہونیوالی کرپشن کی تحقیقات کو فوری طور مکمل کر کے قومی خزانے سے لوٹی گئی رقم کی واپسی کو یقینی بناتے ہوئے ذمہ داران کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ چودھری قمر الزمان نے کہا کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے اور ریگولیٹرز کو مضبوط کرنے کیلئے فعال کر دار ادا کریگا۔ انہوں نے وزارت ریلویز کے حکام کو کہا کہ وہ کرپشن سے متعلق ریکارڈ کی فراہمی کیلئے فوکل پرسنز مقرر کریں تاکہ تحقیقات کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے نیب کے متعلقہ افسروں کو ہدایت کہ ریلویز میں ہونیوالی کرپشن کیسوں کی تحقیقات کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے اور قومی خزانے سے لوٹی گئی رقم کی واپسی کو یقینی بناتے ہوئے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے ،وزیر ریلویز نے کرپشن کیخلاف جنگ میں نیب کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ای پیپر-دی نیشن