مستونگ زائرین کے قافلے کے قریب گاڑی میں دھماکہ‘ 2 ایف سی اہلکار جاں بحق
مستونگ زائرین کے قافلے کے قریب گاڑی میں دھماکہ‘ 2 ایف سی اہلکار جاں بحق
کوئٹہ (این این آئی) مستونگ کے علاقے میں کوئٹہ سے ایران جانے والے زائرین کے قافلے کے قریب گاڑی میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 2 ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو فرنٹیئر کور بلوچستان کے سکواڈ کی قیادت میں کوئٹہ سے ایران جانے والے زائرین کی بسوں کا قافلہ جارہا تھا کہ مستونگ کے علاقے درینگڑھ میں مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن کے سامنے سڑک کے کنارے کھڑی ایک مشکوک گاڑی کو دیکھ کر فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے بسوں کو روک کر گاڑی کو چیکنگ کرنے کیلئے پہنچے اسی دوران گاڑی میں نصب دھماکہ خیز مواد کو نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول سے اڑا دیا جس کے نتیجے میں ایف سی کے 2 اہلکار نائب صوبیدار فرحت اللہ اور نائیک فرمان اللہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ زائرین معجزانہ طورپر محفوظ رہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور پورا علاقہ دھماکے سے لرزا اٹھا۔ فرنٹیر کور بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کور بلوچستان کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے زائرین کو ایک بہت بڑے جانی نقصان سے بچالیا ہے۔ واقعہ کے کچھ ہی د یر بعدزائرین کی بسوں کو سکواڈ کے ساتھ روانہ کردیا گیا۔ ادھر آواران میں کالعدم تنظیم کے ہاتھوں 20 روز قبل اغوا ہونے والے جوان کی نعش کوئٹہ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاﺅن سے برآمد ہوئی ہے۔ جس کی شناخت علی بخش کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔ مقتول کی نعش کو آواران منتقل کرنے کے بعد ورثاءکے حوالے کر دیا گای۔ چمن سے کوئٹہ آنے والی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فئارنگ سے 3 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ لیویز نے زخمیوں کو علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کر دیا۔ واقعہ کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ پر لیویز نے گشت بڑھا دیا ہے۔
مستونگ/ دھماکہ