• news
  • image

ترک وزیراعظم اردگان سے ملاقات‘ تعلقات تابناک دور میں داخل ہو چکے ہیں : شہباز شریف

ترک وزیراعظم اردگان سے ملاقات‘ تعلقات تابناک دور میں داخل ہو چکے ہیں : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات تابناک دور میں داخل ہوچکے ہیں اور یہ اعزاز مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو حاصل ہے کہ اس نے پاکستان اور ترکی کے عوام کے درمیان دیرینہ بھائی چارے کے جذبات کو معاشی تعاون کی شکل دی ہے۔ وہ ترکی کے تاریخی شہر وان (Van) میں ترکی کے وزیراعظم طیب اردگان کے ساتھ عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔ اجتماع میں عوام کی بڑی تعداد نے ترکی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے پرچم بھی اٹھا رکھے تھے۔ وزیراعظم ترکی نے اپنی تقریر میں ایک سے زیادہ مرتبہ پاکستان سے ترکی کی محبت اور وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے پاک ترک دوستی کے فروغ میں کردار کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ پاکستان اور شہباز شریف کا ذکر آنے پر جلسہ گاہ میں موجود عوام پاکستان زندہ باد، شہباز شریف زندہ باد کے نعرے بلند کرتے رہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب اور ترکی کے درمیان تربیتی سہولتوں میں تعاون کا ایجنڈا لیکر ترکی آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ترکی نے گارمنٹس، ہاﺅسنگ، کنسٹرکشن، ہیلتھ اور ایجوکیشن میں پنجاب کے عوام کیلئے تربیتی سہولتیں مہیا کرنے کا یقین دلایا ہے۔ آج ائرپورٹ پر اور اس جلسہ گاہ میں میرے لئے جس محبت کا مظاہرہ کیا ہے وہ پاک ترک دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہم ترکی کے نقش قدم پر چل کر انشاءاللہ اقوام عالم میں وہ مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جو آج ترکی کو حاصل ہے۔ ترکی جنگ اور امن دونوں صورتوں میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ ترکی او ر پاکستان ترقی کے سفر میں قدم سے قدم ملا کر چلیں گے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف اور ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان کے درمیان ملاقات میں پاک ترک تعلقات، توانائی، تعلیم اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان نے وزیراعلیٰ شہبازشریف اور انکے وفد کے ترکی کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کے حالیہ دورہ ترکی سے دونوں ملکوں کے تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون میں مزید اضافہ ہوگا۔ پاکستان اور ترکی کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور معاشی تعاون کی نئی راہیں متعین کرنے میں پنجاب نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ ترکی پاکستان خصوصاً پنجاب کے ساتھ توانائی، انسداد دہشت گردی، فنی تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھے گا اور ہمارے لئے یہ باعث فخر ہے کہ ہم اپنے برادر اسلامی ملک پاکستان کی مدد کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان اور ترکی کے عوام محبت، پیار، بھائی چارے اور اخوت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور ترک سرمایہ کاروں نے گذشتہ 5 برس کے دوران پنجاب کے مختلف شعبوں خصوصاً ٹرانسپورٹ، سالڈویسٹ مینجمنٹ اور سکیورٹی کے حوالے سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ ترکی نے مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی عوام کی دل کھول کر مدد کی ہے۔ قبل ازیں شہباز شریف کو ترکی میں وہ پروٹوکول دیا گیا جو عام طور پر سربراہان مملکت کو دیا جاتا ہے۔ وان کے تاریخی شہر کے ائرپورٹ پر صوبے کے گورنر کے علاوہ پارلیمنٹ کے ارکان اور حکمران جماعت جسٹس پارٹی کے ارکان کی بڑی تعداد انہیں خوش آمدید کہنے کیلئے موجود تھی۔ تقریب میں موجود ترکی کے وفاقی اور صوبائی وزرا شہباز شریف کو پہچان کر خصوصی طور پر ان کے پاس آتے رہے اور ان سے خوشگوار ماحول میں تبادلہ خیالات کرتے رہے۔بعدازاں وزیراعلیٰ کو ترکی سے غیرمعمولی انداز سے الوداع کہا گیا۔ ترکی کے نائب وزیراعظم بشیرالاطائی نے شہباز شریف کو گرمجوشی کیساتھ رخصت کیا۔ ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردگان نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کے نام پیغام میں کہا کہ پارٹی میٹنگ کے باعث میں آپکو الوداع نہیں کہہ سکا۔ اگر میٹنگ نہ ہوتی تو میں خود شہباز شریف کو الوداع کہتا۔
 
شہباز شریف

epaper

ای پیپر-دی نیشن