• news
  • image

واہگہ : بھارت کی پاکستانی چوکی پر فائرنگ‘ تتہ پانی میں شہری جاں بحق‘ غلطی سے سرحد عبور کرنیوالے تین پاکستانی شہید کر دیئے

واہگہ : بھارت کی پاکستانی چوکی پر فائرنگ‘ تتہ پانی میں شہری جاں بحق‘ غلطی سے سرحد عبور کرنیوالے تین پاکستانی شہید کر دیئے

لاہور + سیالکوٹ + باغ + نئی دہلی (ایجنسیاں + نامہ نگار) کنٹرول لائن اور ورکنگ با¶نڈری پر بھارتی فائرنگ کا سلسلہ واہگہ بارڈر تک جا پہنچا۔ تتہ پانی میں بھارتی فائرنگ سے ایک پاکستانی شہری جاںبحق ہوگیا۔ دوسری جانب بی ایس ایف نے واہگہ بارڈر پر غلطی سے سرحد عبور کرنیوالے تین پاکستانی شہریوں کو شہید کرنے کے بعد انہیں منشیات کا سمگلر قرار دیدیا۔ واہگہ بارڈر پر بھارت نے پاکستانی علی چیک پوسٹ پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فوج کی جانب سے واہگہ پر ہونے والے غیر معمولی فائرنگ کے واقعہ پر پاکستان نے احتجاج کیا اور رینجرز کے اعلیٰ حکام نے بی ایس ایف کے افسروں سے ہنگامی ملاقات بھی کی ہے۔ بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ پاکستان سے آنیوالے مشکوک افراد پر کی گئی۔ نشاندہی پر تین افراد فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہوئے جبکہ دو فرار ہوئے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے جاںبحق ہونیوالوں کی میتیں اور برآمد شدہ سامان طلب کیا جو بھارت فراہم نہیں کرسکا۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ بھارت ماضی میں بھی اس قسم کے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہا ہے۔ اسکے جھوٹے الزامات اور بوکھلاہٹ کی قلعی کھل گئی ہے۔ اِدھر عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی فورسز نے ہاٹ سپرنگ سیکٹر کے پاکستانی علاقے میں موجود کالے خان نامی شخص کو نشانہ بنایا ، کالے خان کو دس گولیاں لگیں، کالے خان اپنے کھیتوں میں چارہ کاٹ رہا تھا، کالے خان بھارتی فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں شدید خمی ہوا اور ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق بی ایس ایف کی جانب سے واہگہ بارڈر پر ٹھٹھی کوڈی کے علاقے میں رینجرز کی علی چیک پوسٹ پر بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا جو کافی دیر تک جاری رہا تاہم اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کا رینجرز کے جوانوں نے بھرپور جواب دیا جس کے بعد دشمن کی گنیں خاموش ہوگئیں۔ دریں اثناءپاک فوج کے ترجمان اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم سلیم باجوہ کی طرف سے ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ رواں سال بھارتی فوج نے 345 بار کنٹرول اور ورکنگ با¶نڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بھارتی فوج کی گولہ باری اور بلااشتعال فائرنگ کی وجہ سے پاکستانی سرحدی دیہات میں مکینوں کے نقل مکانی کر جانے کی وجہ سے 71 تعلیمی ادارے بند ہوگئے ہیں۔ بجوات، چپراڑ، سجیت گڑھ، باجڑہ گڑھی، چاروا اور ہرپال سیکٹروں پر زیرو لائن کے قریب واقعہ چک پونڈرا، چک پرانا، ریال، لونی، بھولی سمبلی، پونٹرے چک، خیری، جوئیاں، عمرانوالی، ہرپال، چاروا سمیت درجنوں پاکستانی سرحدی دیہات پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے چالیس سرکاری اور 31 پرائیویٹ تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں طلبہ و طالبات تعلیم کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔
بھارتی فائرنگ

epaper

ای پیپر-دی نیشن